اسلام آباد مارچ کے لیے بشریٰ بی بی متحرک، پنجاب سے پی ٹی آئی کے منتخب نمائندے پشاور طلب

جمعرات 14 نومبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) عمران خان کی اہلیہ اورسابق خاتون اوّل بشریٰ بی بی پارٹی سیاست میں باضابطہ طور پر سرگرم عمل ہو گئی ہیں اور 24 نومبر کے اسلام آباد دھرنے کی تیاریوں کے حوالے سے پنجاب کے پی ٹی آئی کے منتخب اراکین کو پشاور طلب کر لیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں ایف آئی اے نے توشہ خانہ 2 ریفرنس میں بشریٰ بی بی کی ضمانت کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کردیا

ذرائع کے مطابق بشریٰ بی بی پاکستان تحریک انصاف پنجاب کے تمام ممبرقومی و صوبائی اسمبلی کو وزیراعلیٰ ہاؤس پشاورطلب کیا ہے جہاں اسلام آباد مارچ اور دھرنے کے حوالے مشاورت کی جائے گی۔ ذرائع نے بتایا کہ بشریٰ بی بی اب پارٹی کے تمام معمولات کو دیکھ رہی ہیں اور دھرنے اور احتجاج کی تیاریوں کے حوالے سے ہدایت بھی دے رہی ہیں۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ بشریٰ بی بی تمام اراکین سے اسلام آباد مارچ اور دھرنے کے حوالے سے میٹنگ کرنا چاہتی ہیں اوران سے تیاریوں کے حوالے سے رپورٹ بھی لیں گی۔ انہوں نے بتایا کہ بشریٰ بی بی نے منتخب نمائندوں کے علاوہ پارٹی ٹکٹ پرالیکشن لڑنے والے امیدواروں کو بھی طلب کیا ہے۔

کیا بشریٰ بی بی سیاسی بیٹھک میں شرکت کررہی ہیں؟

باخبر ذرائع بتاتے ہیں کہ بشریٰ بی بی جیل سے رہائی کے بعد سیاسی طور پرسرگرم ہیں اور پارٹی کے اہم رہنماؤں کے ساتھ پارٹی اجلاسوں میں بھی شرکت کر رہی ہیں۔

  مزید پڑھیں توشہ خانہ ٹو کیس میں ضمانت کے بعد بشریٰ بی بی اڈیالہ جیل سے رہا

ذرائع نے بتایا کہ گزشتہ روز وزیراعلیٰ ہاؤس پشاورمیں مرکزی قیادت کا اجلاس ہوا جس میں بشریٰ بی بی بھی شریک تھیں۔ تاہم پی ٹی آئی کے بعض ذرائع اس کی تردید کررہےہیں۔

مرکزی سکریٹری اطلاعات وقاص اکرم شیخ سے اس حوالے سے پوچھا گیا تو انہوں نے بشریٰ بی بی کی سیاسی سرگرمیوں کے حوالے سے اطلاعات کی تردید کر دی۔

وقاص اکرم شیخ نے ’وی نیوز‘  کو بتایا کہ بشریٰ بی بی سیاسی اجلاسوں شرکت نہیں کر رہی ہیں‘ گزشتہ روزایک اجلاس میں، میں خود شریک تھا اس میں بشریٰ بی بی نے شرکت نہیں کی تھی‘۔

یہ بھی پڑھیں:190 ملین پاؤنڈز نیب ریفرنس میں عمران خان کی بریت کی درخواست مسترد

دوسری جانب ذرائع اس بات کی تصدیق کر رہے ہیں کہ بشریٰ بی بی پشاورمیں تمام سیاسی معمولات کو دیکھ رہی ہیں اور مرکزی قیادت کے ساتھ بیٹھ کراسلام آباد مارچ اور دھرنے کی مکمل تیاری کر رہی ہیں اور بشریٰ بی بی کی پشاورآمد کے بعد مرکزی قائدین نے بھی پشاور میں ڈھیرے ڈال دیے ہیں۔

مارچ کی کال عمران خان نے دی ہے بشریٰ بی بی یا کسی کی ہدایت کی ضرورت نہیں

وقاص اکرام شیخ نے وی نیوز کوبتایا کہ 24 نومبرکو اسلام آباد مارچ کی کال بانی پی ٹی آئی عمران خان نے دی ہے اور اس حوالے سے کسی سے مشاورت کی اب ضرورت نہیں ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اسلام آباد مارچ کے لیے سب نے نکلنا ہے‘، اس کے لیے بشریٰ بی بی یا کسی اور سے مشاورت یا ہدایت لینے کی ضرورت درپیش ہی نہیں ہے‘۔

مزید پڑھیں:190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کیا ہے اور اس کا بحریہ ٹاؤن سے کیا تعلق ہے؟

انہوں نے بتایا کہ پنجاب کے اراکین کو پارٹی قیادت نے پشاور طلب کیا ہے۔ جن سے اسلام آباد مارچ کی تیاریوں کے حوالے رائے لی جائے گی اور مارچ کے حوالے سے منصوبے کو بھی حتمی شکل دی جائے گی۔

انہوں نے بتایا کہ پارٹی کے تمام منتخب نمائندے اپنی ریلیوں کی قیادت کریں گے اور تمام اخراجات بھی برداشت کریں گے، ان کا کہنا ہے کہ اراکین الیکشن میں اخراجات برداشت کر سکتے ہیں تو پارٹی مارچ کے لیے بھی کر سکتے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp