گزشتہ ماہ اسلام آباد میں منعقدہ شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس کے موقع پر انٹیلیجنس بیورو اور محکمہ انسداد دہشت گردی کی جانب سے دہشت گردی کا بڑا حملہ ناکام بنانے کا انکشاف کیا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق وزارتِ داخلہ کے ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم کے دارالحکومت میں منعقدہ اجلاس کے دوران سرینا چوک پر فرنٹیئر کانسٹیبلری کی یونیفارم پہنے دہشتگردوں نے خودکش حملوں کا منصوبہ بنایا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس کی کامیابی پر قومی اسمبلی میں قرارداد منظور، وزیراعظم کو مبارکباد
انٹیلیجنس ذرائع کے مطابق انٹیلیجنس بیورو اور محکمہ انسداد دہشت گردی کی مشترکہ کارروائی میں ایک خودکش حملہ آور ہلاک جبکہ دیگر 6 ساتھیوں کو حراست میں لیا گیا تھا۔
رپورٹس کے مطابق انٹیلیجنس بیورو کو 14 اکتوبر کو دہشت گردوں کی جانب سے ایس سی او اجلاس کے دوران اسلام آباد میں ایک سے زائد خودکش حملے کرنے کی اطلاع ملی تھی۔
مزید پڑھیں: ایس سی او اجلاس کا مشترکہ اعلامیہ جاری، تنظیم کی سربراہی روس کے سپرد
جس پر آئی بی اور سی ٹی ڈی نے راولپنڈی کے ایک گنجان آباد علاقے میں مشترکہ آپریشن کے بعد 6 افراد کو گرفتار کیا تھا، جن میں بیشتر کا تعلق افغانستان سے ہے، گرفتار ملزمان کے ایک حملہ آور ساتھی نے گرفتاری سے بچنے کے لیے اسلام آباد کے نواحی علاقے میں خودکش دھماکا کیا تھا۔