پاکستان کے لیے اعزاز: پہلی بار پاکستانی خاتون ’اے سی سی اے‘ کی صدر منتخب

ہفتہ 16 نومبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان کی عائلہ ماجد نے ایسوسی ایشن آف چارٹرڈ سرٹیفائیڈ اکاؤنٹنٹس (اے سی سی اے) کی صدر منتخب ہو کر پہلی مسلمان جنوبی ایشیائی خاتون ہونے کا اعزاز حاصل کر لیا ہے۔

عالمی سطح پر پاکستان کا نام روشن کرنے والی عائلہ ماجد ’پلانیٹوو مڈل ایسٹ‘اور ’پلانیٹوو پاکستان ‘ کی بانی اور چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) ہیں۔ ان کے پاس توانائی، ٹرانزیکشن ایڈوائزری، انضمام اور حصول، سرمایہ کاری اور کارپوریٹ گورننس میں 2 دہائیوں سے زیادہ کا تجربہ ہے۔

عالمی اکاؤنٹینسی باڈی نے میڈیا کو بتایا کہ نو منتخب صدر عائلہ ماجد اپنے ایک سال کے دور صدارت کے دوران 180 ممالک میں اے سی سی اے کے 252,500 سے زیادہ ممبران اور 526،000 مستقبل کے ممبرز کی قیادت کریں گی۔

عالمی باڈی نے پاکستان کی عائلہ ماجد کو اے سی سی اے کا صدر منتخب ہونے پر دلی مبارکباد بھی پیش کرتے ہوئے کہا کہ عائلہ ماجد اگلے سال تک ہمارے 252,500 ممبران اور 526,000 مستقبل کے ممبران کی قیادت کرنے والی ہیں۔

اے سی سی اے پاکستان نے تصویر شیئر کرتے ہوئے برطانیہ سے نومنتخب نائب صدر میلانیا پروفیٹ اور ملائیشیا سے نائب صدر داتوک زیتون محمد حسن کو بھی مبارکباد پیش کی۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ عائلہ ماجد پاکستان سے اے سی سی اے کی پہلی صدر ہیں اور اپنے عہدے کے دوران وہ اے سی سی اے کے 120 سال مکمل ہونے پر اکاؤنٹنٹس کے متحرک اور ابھرتے ہوئے کردار کو اجاگر کریں گی۔

اپنے نئے کردار کے بارے میں بات کرتے ہوئے عائلہ ماجد نے کہا کہ ’میں اے سی سی اے کے ممبران کا شکریہ ادا کرنا چاہتی ہوں جنہوں نے مجھ پر اعتماد کیا۔ اے سی سی اے نے مزید کہا کہ وہ صدر کی حیثیت سے اپنی مدت کار کے لیے عائلہ ماجد کی منصوبہ بندی کے منتظر ہیں۔

واضح رہے کہ عائلہ ماجد نے لاہور یونیورسٹی آف مینجمنٹ سائنسز (لمز) سے ماسٹر آف بزنس ایڈمنسٹریشن کی ڈگری اور لندن یونیورسٹی سے بیچلر آف لا کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp