پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سابق کرکٹر عاقب جاوید کو قومی کرکٹ ٹیم کا ہیڈ کوچ بننے کی پیشکش کردی ہے۔
اس بات کی تصدیق چیئرمین پی سی بی نے آج لاہور میں میڈیا سے گفتگو کے دوران ہیڈ کوچ سے متعلق سوال کے جواب میں کی۔ انہوں نے بتایا کہ عارضی طور پر عاقب جاوید سے درخواست کی ہے کہ چیمپیئنز ٹرافی تک فرائض سرانجام دیں۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان کرکٹ بورڈ سابق ٹیسٹ کرکٹر عاقب جاوید کو کون سی ذمہ داری سونپ رہا ہے؟
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا کہ عاقب جاوید صرف وائٹ بال کے ہیڈ کوچ ہیں، چیمپیئنز ٹرافی کے بعد ان کے لیے مزید ذمہ داریاں دیکھ رہے ہیں جن پر وہ خود کام کرنا چاہتے ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز امکان ظاہر کیا جارہا تھا کہ پاکستان وائٹ بال کرکٹ (ون ڈے اور ٹی20) ٹیم کے ہیڈ کوچ کی ذمہ داریاں سابق ٹیسٹ کرکٹر عاقب جاوید کو ملنے کا امکان ہے۔ اس حوالے سے پی سی بی ذرائع نے کہا تھا کہ وائٹ بال ہیڈ کوچ کے حوالے سے فیصلہ جلد متوقع ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پی سی بی غیر ملکی ہیڈ کوچز سے چھٹکارہ کیوں چاہتا ہے؟
قبل ازیں، کہا جارہا تھا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ اب ملکی کوچ کو مستقل ذمہ داری دے گا۔ دورہ آسٹریلیا سے قبل گیری کرسٹن نے ہیڈ کوچ کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا، ریڈ بال کے ہیڈ کوچ جیسن گلیسپی کو دورہ آسٹریلیا کے لیے عبوری کوچ مقرر کیا گیا تھا۔
پاکستان نے 24 نومبر سے 5 دسمبر تک زمبابوے کے خلاف سیریز کھیلنی ہے۔ پاکستان ٹیم 10 دسمبر سے 7 جنوری تک جنوبی افریقا کے خلاف سیریز کھیلے گی جس میں 3 ٹی20، 3 ون ڈے اور 2 ٹیسٹ میچز شامل ہیں۔