خواجہ فاروق احمد قائم مقام وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر مقرر، سردار تنویر الیاس کی اپیل خارج

بدھ 12 اپریل 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے سینئر وزیر خواجہ فاروق احمد کو قائم مقام وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر مقرر کر دیا۔

خواجہ فاروق نئے وزیراعظم کے انتخاب تک خدمات انجام دیں گے، خواجہ فاروق احمد آرٹیکل 17 ون کے تحت وزیراعظم کے فرائض انجام دیں گے۔

صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان نے آئینی ماہرین سے مشاورت کے بعد فیصلہ کیا، صدر آزاد کشمیرنے قائم مقام وزیراعظم کی سمری پر دستخط کر دیے۔

نئے وزیراعظم کے انتخاب کےلیے اسپیکر شیڈول جاری کریں گے آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کا جاری اجلاس 13 اپریل کو ہوگا جس میں نئے وزیر اعظم آزاد جموں و کشمیر کا انتخاب ہو گا۔

 واضح رہے کہ سابق وزیر اعظم آزاد جموں و کشمیر سردار تنویر الیاس کو گزشتہ روز ہائیکورٹ نے توہین عدالت کیس میں نا اہل قرار دے دیا تھا۔

یاد رہے کہ وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس نے چند روز قبل آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے ججز کے خلاف دھواں دھار تقریر کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ اگر کوئی قانون ساز اسمبلی کے اختیارات کے خلاف آیا تو وہ اپنی نوکری سے جائے گا۔ اپنی حدود میں رہیں، پارلیمنٹ کے معاملات میں مداخلت نہ کریں۔

سردار تنویر الیاس نے ایک نجی تقریب میں ججز پر کڑی تنقید کی تھی اور کہا تھا کہ’ ہم کام کرنا چاہتے ہیں مگر عدالت سٹے پر سٹے دیئے جا رہی ہیں۔ ہم کوئی پروجیکٹ کرنا چاہتے ہیں تو اس پر حکم امتناعی آ جاتا ہے، ان کا مزید کہنا تھا کہ سڑک چلتے لوگوں کو بلا کر سٹے دیا جاتا ہے، ان کا یہ جملہ بار بار کوٹ بھی ہوا ’میں ججز کا دھواں نکالوں گا‘۔


سابق وزیر اعظم آزاد جموں و کشمیر سردار تنویر الیاس نے آزادکشمیر ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی جس پر رجسٹرار سپریم کورٹ نے اعتراض لگا دیا ہے۔

رجسٹرار سپریم کورٹ نے سردار تنویر الیاس کی اپیل پر اعتراض عائد کرنے ہوئے کہا کہ اپیل میں سابق وزیراعظم لکھ کر دوبارہ جمع کرایا جائے گا۔

رجسٹرار سپریم کورٹ نے یہ اعتراض بھی عائد کیا ہے کہ ڈی سیٹ نوٹیفکیشن کی مصدقہ کاپی درخواست کے ساتھ کیوں نہیں لگائی۔

سپریم کورٹ نے سردار تنویر الیاس کی اپیل خارج کرتے ہوئے کہا کہ آپ نئی درخواست دائر کریں جس پر بعد میں فیصلہ ہو گا کہ آپ کی درخواست سنی جا سکتی ہے یا نہیں۔

دوسری جانب سردار تنویر الیاس کی نا اہلی پر پاکستان تحریک انصاف آزاد جموں و کشمیر کا اہم اجلاس آج لاہور کے علاقے زمان پارک میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی زیر صدارت ہوا۔

فائل فوٹو

دوسری طرف چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی ہدایت پر سابق وزیر اعظم آزاد جموں و کشمیر عبدالقیوم نیازی زمان پارک پہنچ گئے ہیں اور عمران خان سے ملاقات کی ہے، ملاقات میں ایم ایل اے غلام محی الدین دیوان سمیت اہم کشمیری رہنما بھی موجود تھے، ملاقات میں آزاد کشمیر کے نئے وزیر اعظم کے انتخاب پر اہم مشاورت ہوئی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp