پیپلزپارٹی کے مسلم لیگ ن کے ساتھ اختلافات ہائی لیول پر چلے گئے ہیں، گورنر پنجاب

منگل 19 نومبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کے مسلم لیگ ن کے ساتھ اختلافات ہائی لیول پر چلے گئے ہیں، چیئرمین بلاول بھٹو بھی لیگی قیادت سے ناراض ہیں۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ جب بھی مسلم لیگ ن سے اتحاد ہوا پیپلزپارٹی کو نقصان اٹھانا پڑا، اب حکومت میں رہنا ہے یا نہیں اس کا فیصلہ سی ای سی کرےگی۔

یہ بھی پڑھیں مسلم لیگ ن معاہدے کی خلاف ورزی کررہی ہے، پیپلز پارٹی اتفاق رائے پر یقین رکھتی ہے، بلاول بھٹو

انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی مجبوری میں مسلم لیگ ن کے ساتھ بیٹھی ہے، یہ دونوں الگ الگ جماعتیں ہیں، اور ہماری کوئی انڈراسٹینڈنگ نہیں۔

گورنر پنجاب نے کہاکہ پیپلزپارٹی نے اپنا نقصان تو کرلیا لیکن ملک کا نقصان نہیں ہونے دیں گے۔

واضح رہے کہ کچھ روز قبل بلاول بھٹو نے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ حکومت کی جانب سے ہمیں مشاورتی عمل کا حصہ نہیں بنایا جاتا، طے شدہ معاہدے کی خلاف ورزی کی جارہی ہے۔

دوسری جانب نواز شریف کے صاحبزادے حسن نواز کے برطانیہ میں دیوالیہ ہونے پر شریف فیملی کے ترجمان نے جلتی پر تیل کا کام کیا۔

یہ بھی پڑھیں حسن نواز دیوالیہ: ترجمان شریف فیملی کے بیان میں بھٹو دور کو زیربحث لانے پر پی پی کارکنان آگ بگولہ

شریف فیملی کے ترجمان نے اپنے بیان میں ذوالفقار علی بھٹو کے دور کو زیربحث لایا تھا، جس پر پیپلزپارٹی کے کارکنان آگ بگولہ ہوگئے اور کہا کہ ہمیں قیادت کی جانب سے روکا جارہا ہے ورنہ مسلم لیگ کا کچا چٹھا کھول کر رکھ دیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp