عالمی شہرت یافتہ بھارتی موسیقار اور گلوکار اے آر رحمان اور ان کی اہلیہ سائرہ بانو کی علیحدگی کے بعد ان کے بچوں کا ردعمل بھی سامنے آ گیا۔
اےآر رحمان کے بچوں نے صارفین سے ان کی پرائیویسی کا احترام کرنے کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے اپنے انسٹاگرام اکاونٹ پر لکھا ہے کہ ہمیں بہت خوشی ہوگی اگر اس معاملے کو احترام اور راز داری کے ساتھ رکھا جائے۔ ہمیں سمجھنے کے لیے آپ سب کا بہت شکریہ۔
واضح رہے کہ بھارت کے معروف موسیقار اور گلوکار اے آر رحمان کی اہلیہ سائرہ بانو نے شادی کے 29 سال بعد شوہر سے علیحدگی کا اعلان کیا ہے۔
سائرہ بانو کی وکیل وندنا شاہ کی جانب سے اے آر رحمان اور سائرہ کی علیحدگی کے حوالے سے ایک بیان جاری کیا گیا ہے جس میں ان کا کہنا تھا کہ کئی سالوں کی شادی کے بعد سائرہ نے اپنے شوہر اے آر رحمان سے علیحدگی کا مشکل فیصلہ کیا ہے۔ یہ فیصلہ ان کے تعلقات میں پیچیدگی کے باعث کیا گیا ہے۔
View this post on Instagram
بیان میں مزید کہا گیا تھا کہ ایک دوسرے سے گہری محبت کے باوجود جوڑے نے محسوس کیا ہے کہ تناؤ اور مشکلات نے اُن کے درمیان وسیع خلیج پیدا کر دی ہے، جسے اس وقت کسی فریق کے لیے ختم کرنا ممکن نہیں ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اے آر رحمان نے 12 مارچ 1995 کو سائرہ بانو سے شادی کی تھی، جوڑے کے تین بچے ہیں جن میں دو بیٹیاں خدیجہ اور رحیمہ جبکہ ایک بیٹا امین شامل ہیں۔