لاہور تعلیمی بورڈ نے پرائیویٹ امیدواروں کی داخلہ فیسوں میں اضافہ کردیا جس کے بعد نہم جماعت 36فیصد اور دہم کی فیس میں 50فیصد تک اضافہ کیا گیا ہے۔
لاہور تعلیمی بورڈ کی جانب سے فیسوں میں اضافے کے بعد نہم کی داخلہ فیس 1610 سے بڑھا کر 2200 روپے مقرر کردی گئی ہے، جبکہ دہم کی فیس 2310 سے بڑھا کر 3480 روپے کر دی گئی ہے۔ جماعت نہم 590 اور دہم کی فیس میں1170 روپے تک اضافہ کیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں: ’لاہور بورڈ کے پاس سے گزرا تو مجھے بھی 900 نمبر دے دیے‘
تاہم، دیگر چیزیں جیسے کہ دہم کی سرٹیفکیٹ فیس 700 سے بڑھا کر ایک ہزار روپے مقرر کی گئی ہے، اسپورٹس فیس 100 سے بڑھا کر 280 روپے مقرر کردی گئی ہے۔
ڈیویلپمنٹ فیس 200 سے بڑھا کر 350 روپےکردی گئی ہے، پروسیسنگ فیس 530 سے بڑھا کر 870 روپے کردی گئی ہے۔ داخلہ فیس 700 سے بڑھا کر 900 روپے مقرر کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: فیڈرل بورڈ انٹرمیڈیٹ امتحانات کے نتائج کا اعلان، لڑکیاں پھر سبقت لے گئیں
بورڈ حکام کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ روز مرہ معاملات چلانے کے لیے داخلہ فیس بڑھائی گئی، تعلیمی بورڈز کو کوئی فنڈز نہیں دیے جاتے۔ دوسری جانب فیسوں میں اضافے پر طلبہ اور والدین نے اظہار تشویش کیا ہے۔