توہین الیکشن کمیشن، آئندہ سماعت پر عمران خان کی بذریعہ ویڈیو لنک حاضری کا حکم

جمعرات 21 نومبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

الیکشن کمیشن نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی چیئرمین عمران خان کو توہین الیکشن کمیشن اور الیکشن کمشنر کیس کی آئندہ سماعت میں بذریعہ ویڈیو لنک حاضر ہونے کا حکم دیا ہے۔

الیکشن کمیشن میں آج بانی پی ٹی آئی کے خلاف توہین الیکشن کمیشن اور الیکشن کمشنر کیس کی سماعت ممبر سندھ کی سربراہی میں 4 رکنی کمیشن نے کی۔

یہ بھی پڑھیں: توہین الیکشن کمیشن کیس: عمران خان کی ویڈیو لنک پیشی، انٹرنیٹ سروس تاحال خراب

دوران سماعت، ممبر سندھ نے کہا کہ حکام نے تحریری جواب دیا ہے کہ عمران خان کی ویڈیو لنک حاضری کا بندوبست ہوجائے گا۔ جس پر ممبر خیبرپختونخوا نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی تو کل ضمانت ہوگئی تھی۔

بانی پی ٹی آئی کے وکیل فیصل چوہدری نے کمیشن کو بتایا کہ عمران خان کو کسی اور کیس میں گرفتار کرلیا گیا ہے، شواہد ریکارڈ کرنے کے لیے ملزم کی حاضری ضروری ہوتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: توہین الیکشن کمیشن، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا طلبی نوٹس کیخلاف ہائیکورٹ سے رجوع

الیکشن کمیشن نے آئندہ سماعت پر بانی پی ٹی آئی کی ویڈیو لنک سے حاضری یقینی بنانے کا حکم دیا۔ ممبر سندھ نے کہا کہ الیکشن کمیشن آئندہ سماعت پر شواہد اور گواہوں کے بیان ریکارڈ کرے گا۔ بعدازاں، الیکشن کمیشن نے کیس کی سماعت 17 دسمبر تک ملتوی کردی۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ بھی بانی پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف توہین الیکشن کمیشن و الیکشن کمشنر کیس کی سماعت ہوئی تھی جس میں عمران خان کو بذریعہ ویڈیو لنک پیش ہونا تھا، تاہم جیل حکام نے دوران سماعت کمیشن کو جواب دیا تھا کہ جیل میں انٹرنیٹ کی سہولت خرابی کے باعث دستیاب نہیں ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp