وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے خیبرپختونخوا کے ضلع کرم میں مسافروں کی گاڑیوں پر مسلح افراد کے حملے کا نوٹس لے لیا ہے۔
وزیراعلیٰ نے صوبائی وزیر قانون، متعلقہ ایم این اے، ایم پی اے اور چیف سیکریٹری پر مشتمل وفد کو فوری طور پر کرم کا دورہ کرنے کی ہدایت کردی۔
یہ بھی پڑھیں کرم: مسلح افراد کی مسافر گاڑیوں پر فائرنگ، 38 افراد جاں بحق، متعدد زخمی
وزیراعلیٰ ہاؤس سے جاری بیان کے مطابق علی امین گنڈاپور نے وفد کو کرم جاکر وہاں کے معروضی حالات کا خود جائزہ لے کر رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔
بیان کے مطابق علی امین گنڈاپور نے ہدایت دی ہے کہ کرم میں صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے پہلے والے جرگے کو پھر سے فعال کیا جائے۔
انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ صوبے میں تمام شاہراہوں کو محفوظ بنانے کے لیے پراونشل ہائی ویز پولیس کے قیام پر کام کیا جائے۔
علی امین گنڈاپور نے کہاکہ علاقے میں امن وامان کی صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے صوبائی حکومت، پولیس اور تمام متعلقہ ادارے مل کر سنجیدہ کوششیں کررہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں خیبرپختونخوا: ضلع کرم میں جھڑپوں کے دوران جاں بحق افراد کی تعداد 35 ہوگئی، فریقین فائربندی پر رضامند
واضح رہے کہ خیبرپختونخوا کے ضلع کرم میں مسلح افراد کی جانب سے مسافر بسوں پر فائرنگ کے نتیجے میں اب تک 38 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔