پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے اپنے چیف آپریٹنگ آفیسر سمیر احمد سید کو آئی سی سی چیمپئینز ٹرافی 2025 کے لیے ٹورنامنٹ ڈائریکٹر مقرر کرنے کا اعلان کیا ہے۔
2017 میں انگلینڈ میں ہونے والی چیمپئینز ٹرافی کا آخری ایڈیشن جیتنے پر پاکستان 19 فروری سے 9 مارچ تک 3 شہروں میں ٹورنامنٹ کی میزبانی کرے گا۔
پی سی بی کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا ہے کہ سمیر احمد ایک غیر معمولی طور پر منظم پروفیشنل ہیں جن کے پاس انتظامی مہارت کا وسیع تجربہ ہے۔
چیئرمین پی سی بی کا کہنا ہے کہ ’مجھے یقین ہے کہ وہ آئی سی سی چیمپئینز ٹرافی 2025 میں کھلاڑیوں، آفیشلز اور شائقین کے لیے ناقابل فراموش کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے‘۔
محسن نقوی نے مزید کہا کہ آئی سی سی چیمپئینز ٹرافی 2025 میں پاکستان نے عالمی معیار کے کرکٹ مقابلوں کی میزبانی کی اپنی صلاحیت کو ظاہر کرنے کا وعدہ کیا ہے۔ پاکستان دنیا بھر کے کھلاڑیوں اور شائقین کو ملک میں آمد پر خوش آمدید کہے گا۔
چیمپیئنز ٹرافی کا انعقاد پاکستان کی حالیہ تاریخ میں کھیلوں کے سب سے بڑے ایونٹ کے طور پر ایک تاریخی سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔
محسن نقوی نے امید ظاہر کی کہ سمیر احمد کی قیادت میں عالمی کرکٹ برادری ایونٹ کے انعقاد میں پاکستان کی بہترین مہمان نوازی اور کارکردگی کے عالمی معیار کا مشاہدہ کرے گی۔
دریں اثنا ٹورنامنٹ ڈائریکٹر سمیر احمد نے کہا کہ وہ پی سی بی، شائقین اور عالمی کرکٹ کے حامل اس ٹورنامنٹ کی اہم ذمہ داری سنبھالنے پر بہت فخر اور پرجوش ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اسٹیڈیم کی اپ گریڈیشن مکمل ہونے کے قریب ہے اور آئی سی سی کے ساتھ اہم بات چیت جاری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پی سی بی کی تجربہ کار ایونٹس ٹیم ٹورنامنٹ کی کامیابی کو یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے پیر کو اس بات کا اعادہ کیا تھا کہ چیمپئینز ٹرافی ہر قیمت پاکستان میں ہی منعقد ہوگی کیونکہ بھارت نے ٹورنامنٹ کے لیے اپنی ٹیم بھیجنے سے انکار کردیا ہے۔
آئی سی سی کی جانب سے گزشتہ ہفتے پی سی بی کو آگاہ کیا گیا تھا کہ بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) نے عالمی گورننگ باڈی کو آگاہ کیا ہے کہ اس کی قومی ٹیم 8 ملکی ایونٹ کے لیے پاکستان کا دورہ نہیں کرے گی۔ اس کے بعد پی سی بی نے آئی سی سی کو جواب دیا ہے اور ابھی تک کوئی جواب موصول نہیں ہوا ہے۔
چیمپیئینز ٹرافی کے دورے کا آغاز ہفتہ کے روز اسلام آباد میں ایک پروقار تقریب سے ہوا جس میں وفاقی دارالحکومت کے مختلف اہم مقامات بشمول دامن کوہ، فیصل مسجد اور پاکستان یادگار پر ٹرافی کی شاندار نمائش کی گئی۔