والدین کس طرح بچوں کو ٹک ٹاک سے محفوظ رکھ سکتے ہیں؟

جمعرات 21 نومبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ٹک ٹاک نے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کے اشتراک سے اسلام آباد میں یوتھ سیفٹی سمٹ پاکستان کا انعقاد کیا۔ اس سمٹ کا مقصد آن لائن تحفظ کے بارے میں آگاہی بڑھانا، ڈیجیٹل خواندگی کو فروغ دینا اور پاکستانی نوجوانوں کو آن لائن تحفظ فراہم کرنے کے لیے اسٹیک ہولڈرز کے درمیان تعاون کو مضبوط بنانا تھا۔

یہ سمٹ نوجوانوں اور کم عمر افراد کی حفاظت پر کام کرنے والے متعلقہ شراکت داروں کو ایک اہم پلیٹ فارم پر اکٹھا کرنے کا ذریعہ تھی، جس میں حکومتی نمائندے، قانون نافذ کرنے والے ادارے، اساتذہ، والدین اور بچے، بچوں کی حفاظت کے لیے کام کرنے والے غیر سرکاری ادارے اور صنعت کے ماہرین شامل تھے۔ اس سمٹ میں کئی معلوماتی سیشنز منعقد ہوئے۔

یہ بھی پڑھیں ٹک ٹاک کو بچوں کے لیے زیادہ محفوظ کیسے بنایا جاسکتا ہے؟

ایک سیشن میں ’ڈیجیٹل حفاظت‘کے اقدام پر روشنی ڈالی گئی تھی، جو ٹک ٹاک اور پی ٹی اے کے درمیان ایک مشترکہ کاوش ہے تاکہ پاکستانی نوجوانوں میں آن لائن تحفظ اور ڈیجیٹل شعور کو فروغ دیا جا سکے۔ پی ٹی اے نے اپنی موجودہ کاوشوں پر ایک پریزنٹیشن بھی دی، جس میں بچوں کی آن لائن حفاظت کو یقینی بنانے کے لئے کئے جانے والے اقدامات کو اجاگر کیا گیا۔

ایک اور سیشن میں بچوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے ٹک ٹاک کے عزم کو اجاگر کیا گیا اور ساتھ ہی پلیٹ فارم کی جانب سے نوجوان صارفین کے تحفظ کے لیے پیش کیے گئے سیفٹی فیچرز پر بھی توجہ دی گئی ۔ ان فیچرز میں فیملی پیرنگ، سیفٹی فیچر، کمیونٹی گائیڈ لائنز اور یوتھ سیفٹی پورٹل شامل تھے۔

سمٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے پی ٹی اے کے چیئرمین میجر جنرل (ر) حفیظ الرحمان نے ایک محفوظ آن لائن ماحول کے قیام کے لیے اتھارٹی کے غیر متزلزل عزم کو اجاگر کیا۔

انہوں نے کہا کہ یہ سمٹ پاکستان میں نوجوانوں کے لیے محفوظ اور جامع ڈیجیٹل ماحول کو یقینی بنانے کے ہمارے مشن میں ایک اہم قدم کی حیثیت رکھتی ہے۔ پی ٹی اے بچوں کے آن لائن تحفظ کو یقینی بنانے اور ڈیجیٹل طور پر ذمہ دار معاشرے کو فروغ دینے کے لیے جدید اقدامات کے نفاذ کے لیے پرعزم ہے۔

انہوں نے کہاکہ ہمیں یقین ہے کہ یہ سمٹ پاکستان میں ایک محفوظ آن لائن ماحول کے قیام کی جانب ایک اہم قدم ہے۔

اس موقع پر وی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے ٹک ٹاک کے ہیڈ آف پبلک پالیسی فہد خان نیازی نے کہاکہ ہم نے 2021 سے ٹک ٹاک پر کام کرنا شروع کیا، اور اب اپنے پلیٹ فارم کی کوالٹی بہت بہتر کردی ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ اس حوالے سے کچھ نہیں کہا جاسکتا کہ ٹک ٹک پاکستان میں کب مونیٹائز ہوگا۔

ہیڈ آف کمیونیکیشنز ٹک ٹاک عماد ظفر نے کہاکہ ٹک ٹاک 13 سال سے کم عمر بچوں کو پلیٹ فارم کے استعمال کی اجازت نہیں دیتا، لیکن اس کے باوجود اس عمر کے جو بچے ٹک ٹاک استعمال کررہے ہوتے ہیں ان کو روکا نہیں جاسکتا۔

یہ بھی پڑھیں ’اندر سے مر چکی ہوں‘ ٹک ٹاکر مناہل ملک کا جذباتی پیغام

انہوں نے کہاکہ ہم نے والدین کے لیے ایک ایسا فیچر شروع کیا ہے جس کے ذریعے آپ اپنے بچے کے اکاؤنٹ کو اپنے اکاؤنٹ سے لنک کرسکتے ہیں، تاکہ مانیٹر کیا جاسکے کہ آپ کا بچہ کیسی چیزیں دیکھ رہا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp