وزیر داخلہ محسن نقوی نے نیشنل پولیس اکیڈمی کو 50کروڑ روپے دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پولیس اکیڈمی کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے گا۔ پولیس اہلکار اپنے رویے سے عوام میں بہتر مقام پیدا کریں کیونکہ عوام کی داد رسی کرنا پولیس کی ذمہ داری ہے۔
یہ بھی پڑھیں:عمران خان سے مذاکرات ہورہے ہیں یا نہیں؟ محسن نقوی اور خواجہ آصف کے مؤقف میں تضاد
وزیر داخلہ محسن نقوی نے نیشنل پولیس اکیڈمی میں پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تمام پاس آؤٹ ہونے والے کیڈٹس کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ پولیس اکیڈمی کو ملٹری اکیڈمی کی طرز پر بنایا جائے گا۔
محسن نقوی نے کہا کہ ہمیں اس اکیڈمی میں بھی آرمی کی طرح بہترین آفیسرز لے کر آنے ہیں، الاؤنسز بڑھائیں گے تنخواہ بھی اچھی دیں گے۔ تاکہ لوگ شوق سے اور خوشی سے اس اکیڈمی میں آئیں۔
انہوں نے کہا کہ پولیس اہلکار اپنے ادارے کے لیے کیا کررہے ہیں، یہ اہم ہے۔ پولیس کا کام ہے عوام کے مسائل کو دیکھنا اور انہیں حل کرنا ہے، نیشنل پولیس اکیڈمی ایک اچھا ادارہ ہے۔ میں پچھلے 2سے 3ماہ سے ریسرچ کررہا ہوں کہ اکیڈمی کو کس طرح اچھا بنایا جاسکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: تحریک انصاف کے ساتھ کوئی مذاکرات نہیں ہورہے، وزیر داخلہ محسن نقوی
محسن نقوی نے کہا کہ میری خواہش ہے کہ اگلے سال پولیس اکیڈمی، ملٹری اکیڈمی جیسی ہو، 25کروڑ روپے نیشنل پولیس فاونڈیشن دے گی، مزید ہم نے انتظام کیا ہے۔
’یہ کیا بات ہوئی کہ ہم یہاں آفیسرز کو ٹریننگ کے دوسری جگہ بھیجیں، سزا کے طور پر پولیس اکیڈمی میں پوسٹنگ کی روایت ختم کرنی ہے‘۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ پی ایم اے میں سب سے بہترین آفیسرز کو پوسٹ کیا جاتا ہے، اور یہاں جس کو کوئی پوسٹنگ نہیں ملتی اسے اکیڈمی بھیجا جاتا ہے، ایسے اقدامات کریں گے لوگ خوشی سے یہاں آئیں، تمام فیلڈ کے آئی جیز، کمانڈنٹ ایف سی سب یہاں موجود ہیں۔