ایرانی صدر سمیت امریکی اور روسی سفارتخانوں کی ضلع کرم میں دہشتگردی کی مذمت

جمعہ 22 نومبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے خیبر پختونخوا کے ضلع کرم میں دہشت گردی پر غمزدہ خاندانوں سے تعزیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی کی ہر شکل میں مذمت کرتے ہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اسلام آباد میں ایرانی سفارتخانے کی جانب سے پوسٹ کیے گئے ایرانی صدر مسعود پزشکیان کے تعزیتی بیان میں کہا گیا ہے کہ وہ پاکستانی حکومت بالخصوص پاکستان کے علاقے کرم میں ہونیوالے دہشت گردی کے واقعے کے متاثرین کے سوگوار خاندانوں سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: کرم: مسلح افراد کی مسافر گاڑیوں پر فائرنگ، 38 افراد جاں بحق، متعدد زخمی

ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے واضح کیا کہ اسلامی جمہوریہ ایران ماضی کی طرح دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے برادر اور دوست ملک پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑا رہے گا۔

امریکا کی جانب سے بھی خیبرپختونخوا کے ضلع کرم میں ہونے والے ہولناک حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ دہشت گردی کے واقعہ پر، جس میں درجنوں بے گناہ پاکستانی ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے ہیں، امریکا حکومت پاکستان کے ساتھ ہے۔

مزید پڑھیں:امریکا کی بلوچستان میں دہشت گرد حملے کی مذمت، اسپورٹس ڈپلومیسی پر زور

اسلام آباد میں امریکی سفارتخانے کے ترجمان کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکا کی ہمدردی اور تعزیت ان لوگوں کے خاندانوں اور پیاروں کے ساتھ ہے جنہوں نے اپنی جانیں گنوائیں۔ ’ہم زخمیوں کی مکمل اور جلد صحت یابی کی دعا کرتے ہیں۔‘

امریکی ترجمان جوناتھن لالی کے مطابق پاکستانی عوام نقصان اور خطرات سے آزاد زندگی گزارنے اور اپنی روزمرہ کی زندگی میں محفوظ محسوس کرنے کے حقدار ہیں۔

’اپنے تمام شہریوں کی حفاظت اور سلامتی کو یقینی بنانے میں مصروف پاکستان کے لیے امریکا ایک ثابت قدم ساتھی رہے گا، ہم اس مشکل وقت میں پاکستان اور خیبرپختونخوا کے عوام کے ساتھ یکجہتی کے ساتھ کھڑے ہیں۔‘

دوسری جانب پاکستان میں روسی سفارتخانے نے بھی خیبر پختونخوا کے ضلع کرم میں شہری قافلوں پر مسلح افراد کے حملے کی خبر پر ایک تعزیتی بیان میں اس واقعہ کو انتہائی افسوسناک قرار دیا ہے-

مزید پڑھیں: کرم ایجنسی مسافر گاڑیوں پر حملہ: ’ ایسے نشانہ بنایا گیا جیسے چن چن کر ہمیں مار رہے ہوں‘

ایکس ڈاٹ کام پر پوسٹ کیے گئے اپنے بیان میں روسی مشن کی جانب سے اس سفاکانہ حملے کی پرزور مذمت کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے دلی تعزیت کا اظہار کیا گیا ہے۔ ’ہم تمام زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعاگو ہیں۔‘

آذربائیجان کا اظہار تعزیت

آذربائیجان کی وزارت خارجہ نے بھی ضلع کرم میں دہشتگردی پر اظہار تعزیت  کیا ہے۔

وزارت خارجہ نے اظہار تعزیت سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے بیان میں کہا ہے کہ آذربائیجان کی وزارت خارجہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ پاکستان کے علاقے کرم میں شہریوں پر مسلح حملے کی خبر المناک  ہے۔ اس المناک خبر سے ہم صدمے میں ہیں۔

ترجمان کے مطابق اس دہشتگرد حملے کے نتیجے میں متعدد افراد ہلاک اور زخمی ہوئے۔  ہم اس خوفناک حملے پر متاثرین کے اہل خانہ اور پاکستانی حکومت سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہیں

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp