پی ٹی آئی احتجاج: پشاور، لاہور موٹروے سمیت تمام ٹرانسپورٹ اڈے بند کرنے کا حکم

جمعہ 22 نومبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے 24 نومبر کے احتجاج کے پیش نظر امن و امان کو برقرار رکھنے کے لیے موٹروے ایم ون پشاور تا اسلام آباد، موٹروے ایم 2 لاہور تا اسلام آباد، جی ٹی روڈ اور اسلام آباد کے تمام ٹرانسپورٹ اڈوں کو بند کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:وفاقی دارالحکومت میں کسی احتجاج یا دھرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی، اسلام آباد ہائیکورٹ کا تحریری فیصلہ جاری

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے احتجاج کے پیش نظر جمعہ کو اسلام آباد ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے شہر کے تمام ٹرانسپورٹ اڈے بند کرنے کا حکم دیا ہے، جبکہ مقامی انتظامیہ نے اسلام آباد میں تمام ہاسٹلز کو بھی بند رکھنے کا حکم دیا ہے۔

نوٹیفکیشن میں سیکرٹری اسلام آباد ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے کہا کہ تمام اڈہ مالکان اپنے اڈوں کے سامنے کناتیں لگا کر انہیں مکمل طور پر بند کر دیں۔

اسلام آبادٹرانسپورٹ اتھارٹی نے کہا ہے کہ ممکنہ حالات کے پیش نظر اڈے آج رات 8بجے بند کیے جائیں۔

ادھر ترجمان موٹر وے نے اعلان کیا ہے کہ موٹر وے ایم ون پشاور تا اسلام آباد جمعہ کی رات 8 بجے سے مینٹی ننس کے باعث بند رہے گی۔

مزید پڑھیں:اسلام آباد کے بعد پشاور ہائیکورٹ میں بھی پی ٹی آئی احتجاج کیخلاف درخواست دائر

موٹروے پولیس کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ عوام الناس کو مطلع کیا جاتا ہے کہ مورخہ 22 نومبر 2024 رات 8 بجے سے بسلسلہ روڈ مینٹیننس درج ذیل موٹر ویز بند رہیں گی۔

نوٹیفکیشن کے مطابق پشاور تا اسلام آباد موٹر وے ایم ون، لاہور تا اسلام آباد موٹروے ایم 2 ، لاہور تا عبدالحکیم موٹروے ایم 3 ، پنڈی بھٹیاں تا ملتان موٹروے ایم 4 ، سیالکوٹ تا لاہور موٹر وے ایم 11 ، ڈیرہ اسماعیل خان تا ہکلہ موٹروے ایم 14 ہر طرح کی ٹریفک کے لیے بند رہیں گی۔

دوسری جانب وزیرآباد چناب ٹول پلازہ کے مقام پر جی ٹی روڈ کو بندکردیا گیا، چناب ٹول پلازہ کنٹینر رکھ کر دونوں اطراف سے بند کر دیا گیا ہے، اسلام آباد کے لیے چلنے والی پبلک ٹرانسپورٹ کو بھی جزوی طور پر بند کردیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: 24 نومبر کا احتجاج غیر قانونی قرار دیا جائے، تاجر رہنما کی اسلام آباد ہائیکورٹ سے استدعا

اسلام آباد انتظامیہ نے احتجاج کے پیش نظر اسلام آبادریڈزون کومکمل طورپرسیل کرنے کا پروگرام تشکیل دیا ہے جبکہ جڑواں شہروں میں دفعہ 144 نافذ کر دیا گیا ہے، 22 سو کے قریب مزید کنٹینرز اسلام آباد میں پہنچا دیے گئے ہیں

اسلام آباد انتظامیہ نے سیکیورٹی کو فول پروف بنانے کے لیے اضافی نفری بھی طلب کرلی ہے، جبکہ کسی بھی احتجاج یا مارچ کو اسلام آباد میں داخلے سے روکنے کے لیے وفاقی دارلحکومت کو 24 مقامات سے بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، اس کے علاوہ تمام داخلی اورخارجی راستوں پرکڑی نگرانی اور پولیس کی بھاری نفری تعینات ہوگی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp