پاکستان ریلویز نے عیدالفطر پر 5 خصوصی ٹرینیں چلانے کا شیڈول جاری کردیا، شیڈول کے مطابق عید ٹرین آپریشن 18 اپریل سے شروع ہوگا۔
پہلی عید اسپیشل ٹرین کراچی سے پشاور کینٹ جبکہ دوسری خصوصی ٹرین کوئٹہ سے راولپنڈی کے لیے روانہ ہوگی۔
شیڈول کے مطابق تیسری ٹرین 19 اپریل کو کراچی سے لاہور، چوتھی ٹرین 26 اپریل کو راولپنڈی سے کوئٹہ اور پانچویں عید اسپیشل ٹرین 27 اپریل کو لاہور سے کراچی روانہ ہوگی۔
ریلوے حکام کے مطابق وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کی ہدایت پر مسافروں کی سہولت اور عید الفطر کے پرمسرت موقع پر سفر کرنے والوں کے رش کے پیش نظر سپیشل ٹرینیں چلائی جا رہی ہیں۔
محکمہ ریلوے نے عید کی مناسبت سے مسافروں کے غیر معمولی رش کے باعث پہلے سے چلنے والی ٹرینوں کے ساتھ اضافی کوچز اور بوگیاں لگانے کی بھی ہدایت کی ہے۔
ریلوے حکام نے ورکشاپس ڈویژن کو خصوصی ٹرینوں کے لیے اضافی بوگیاں فراہم کرنے کی بھی ہدایت کر دی ہے۔