پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے 24 نومبر کو اسلام آباد میں ممکنہ احتجاج کے پیش نظر جڑواں شہروں میں داخل ہونے والے 33 راستوں کو کنٹینر لگا کر بند کیے جانے کا سلسلہ جاری ہے۔
فیض آباد سمیت 6 مقامات کو کنٹینرز رکھ کر بند کر دیا گیا ہے۔ فیض آباد، آئی جے پی روڈ، روات ٹی چوک، کیرج فیکٹری، مندرہ اور ٹیکسلا روڈ کو بند کر دیا گیا ہے جبکہ کچہری چوک کو یکطرفہ ٹریفک کے طور پر چلایا جائے گا۔
مزید پڑھیں: قانون ہاتھ میں لینے والےکسی شخص کو واپس نہ جانے دیا جائے، وزیر داخلہ کا پولیس کو حکم
اسلام آباد اور راولپنڈی کی تمام رابطہ سڑکوں کو مکمل سیل کیا جائے گا۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے شہریوں کو متبادل روٹ پلان فراہم کر دیا گیا ہے۔
اس حوالے سے مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر محمد علی سیف کا کہنا ہے کہ حکومت نے اسلام آباد سیل کر کے احتجاج کی کامیابی پر مہر لگا دی۔
بیرسٹر سیف کا کہنا ہے کہ اسلام آباد کا ملک کے دیگر شہروں سے رابطہ منقطع ہے، حکومت عوام کی زندگی اجیرن کرنے کے بجائے عوام کا حق واپس کرے، حکومت بچانے کے لیے پاکستان کو بند کر دیا گیا ہے۔