پاکستان اور زمبابوے کے درمیان کھیلے جانے والا پہلا ون ڈے بارش کے باعث روک دیا گیا تھا، تاہم بارش زیادہ ہونے کی وجہ سے ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت زمبابوے نے پاکستان کو 80رنز سے شکست دے دی۔ پاکستانی بیٹرز زمبابوے کے خلاف ہدف کا تعاقب کرنے میں ناکام رہے۔
بلاوائیو میں کھیلے جانے والے سریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ کیا۔ زمبابوے کی پوری ٹیم 41ویں اوور کی دوسری گیند پر 205 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔ ہدف کے تعاقب میں پاکستانی ٹیم زمبابوین بولرز کے سامنے لڑکھڑا گئی اور 60کے مجموعی اسکور پر 6کھلاڑی آؤٹ ہوگئے۔
بارش کے باعث میچ کو روک دیا گیا تھا، لیکن بارش نہ تھمنے کے باعث ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت زمبابوے کو 80رنز سے جیت دے دی گئی۔ اس وقت 3میچز کی سیریز میں زمبابوے کو 1-0 سے پاکستان پر برتری حاصل ہے۔
میچ کے 21 اوور مکمل ہوئے تھے کہ بارش کے باعث میچ کو روکنا پڑا اور مسلسل بارش کے باعث میچ کو ختم کرنا پڑا۔ بارش سے قبل پاکستان نے 21 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 60 رنز بنالیے تھے، محمد رضوان اور عامر جمال کریز پر موجود تھے۔
پاکستان نے ہدف کے تعاقب میں بیٹنگ شروع کی تو اوپنر عبداللہ شفیق 11 کے مجموعی اسکور پر وکٹ گنوا بیٹھے جبکہ صائم ایوب 17 کے اسکور پر آؤٹ ہوگئے۔ عبداللہ شفیق نے ایک رن اور صائم ایوب نے 11 رنز بنائے۔
کامران غلام 17، سلمان علی آغا 4، حسیب اللہ صفر اور عرفان خان 7رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
زمبابوے کی پہلی وکٹ 40 رنز پر گری جب اوپنر جوائے لارڈ 15 رنز پر رن آؤٹ ہو گئے۔ انہیں عبداللہ شفیق نے رن آؤٹ کیا۔ دوسری وکٹ 58 ربز پر گری جب ڈیون میئرز 8 رنز بنا کر حسیب اللہ خان کی گیند پر آغا سلمان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔
کپتان کریگ ایروائن 6 اور تادیوانشے مارومانی 29، سیان ولیمز 23، برائن بینیٹ 20 اور برینڈن ماوتا ایک رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ بلیسنگ مزاربانی صفر، رچرڈ نگروا 48، سکندر رضا 39، جبکہ ٹریور گوانڈو 3 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
رچرڈ نگروا نے ٹیم کے لیے 48 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جس میں 5 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔ پاکستان کی جانب سے سلمان آغا اور فیصل اکرم نے 3، 3 جبکہ حارث رؤف، عامر جمال اور محمد حسنین نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
کپتان محمد رضوان نے ٹاس کے موقع پر کہا کہ پاکستان ٹیم میں نوجوان کھلاڑی بھی شامل کیے گئے ہیں۔ آج عامر جمال، فیصل اکرم اور حسیب اللہ ون ڈے ڈیبیو کررہے ہیں، امید ہے نوجوان سیریز میں اچھی کارکردگی دکھائیں گے۔ یاد رہے کہ بابر اعظم، شاہین آفریدی اور نسیم شاہ کو زمبابوے کے خلاف ون ڈے سیریز کے لیے آرام کروایا گیا ہے۔
پاکستان اسکواڈ
پاکستان الیون میں صائم ایوب، عبداللہ شفیق، کامران غلام، محمد رضوان، حسیب اللہ، سلمان آغا، عرفان خان، عامر جمال، حارث رؤف، محمد حسنین اور فیصل اکرم شامل ہیں۔
زمبابوے کا اسکواڈ
کپتان کریگ ایروائن، برائن بینیٹ، جویلورڈ گمبی، ٹریور گوانڈو، توانداناشے مارومانی، برینڈن ماوتا، بلیسنگ مزاربانی، رچرڈ نگروا، ڈیون مائرز، سکندر رضا، سیان ولیمز
پاک زمبابوے ون ڈے سیریز کا پہلا میچ آج دوسرا 26 جبکہ 28 نومبر کو تیسرا ون ڈے میچ کھیلا جائے گا۔ جس کے بعد یکم، 3 اور 5 دسمبر کو ٹی20 میچز کھیلے جائیں گے۔