لبنانی فوج کے اڈے کو نشانہ بنانے پر اسرائیلی فوج نے معافی مانگ لی ہے، لبنانی فوجی اڈے پر اسرائیلی حملے میں ایک فوجی ہلاک اور 18 زخمی ہوئے تھے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج نے بیان دیا ہے کہ واقعہ ایک ایسے مقام پر پیش آیا جہاں پہلے سے حزب اللہ سے لڑائی جاری تھی۔ تاہم، اس حادثے پر اسرائیلی فوج افسوس کا اظہار کرتی ہے۔
مزید پڑھیں: اسرائیلی فوج کی لبنان میں فضائی بمباری، حزب اللہ کے ترجمان محمد عفیف شہید
اسرائیلی فوج نے حادثے پر معافی مانگتے ہوئے وضاحت کی کہ وہ لبنانی فوج کے خلاف نہیں بلکہ صرف حزب اللہ کے خلاف لڑرہے ہیں۔ اسرائیلی فوج کے مطابق اس حادثے کی مزید تحقیقات کی جارہی ہیں۔
خیال رہے اس واقعے پر لبنانی فوج نے اپنے بیان میں کہا کہ اسرائیل نے جنوبی لبنان کے علاقے ال امیریہ میں لبنانی فوج کے اڈے پر حملہ کیا جس سے ایک اہلکار ہلاک اور 18 زخمی ہوگئے۔ اس دوران لبانی فوجی اڈے کو بھی نقصان پہنچا، وہاں موجود گاڑیوں کو آگ لگ گئی اور عمارت بھی متاثر ہوئی۔
یہ بھی پڑھیں: لبنان: صیہونی افواج کے ہاتھوں متعدد شہادتیں، زیرعلاج بچوں پر بھی حملے جاری
واضح رہے اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان جنگ کے آغاز سے لے کر اب تک اسرائیلی حملوں میں 40 سے زیادہ لبنانی فوجی ہلاک ہوچکے ہیں، یہاں تک کہ لبنان کی فوج نے بڑے پیمانے پر حفاظتی انتظامات کیے ہیں۔