مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے رکن مفتی ضمیر ساجد نے وی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے بتایا ہے کہ پاکستان میں عیدالفطر 22 اپریل بروز ہفتہ ہونے کا امکان ہے، تاہم عید کا فیصلہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے اجلاس میں چاند دیکھنے کی شہادتوں کے بعد کیا جائے گا۔
’رمضان المبارک کو چاند نظر آنے کے امکانات کم ہیں‘
مفتی ضمیر ساجد نے وی نیوز کو بتایا کہ چاند کی رویت کے مطابق 29 رمضان المبارک کو چاند نظر آنے کے امکانات کم ہیں، تاہم اس وقت عید الفطر کے بروز ہفتہ ہونے کا اعلان نہیں کیا جا سکتا، رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس ہوگا اس میں اگر چاند دیکھنے کی شہادتیں موصول ہوئیں تو ان کا جائزہ لیا جائے گا اس کے بعد ہی کوئی بھی اعلان کیا جائے گا۔
رپورٹ آنے تک کچھ نہیں کہا جاسکتا، محمکہ موسمیات
دوسری جانب محکمہ موسمیات کے ترجمان نے وی نیوز کو بتایا کہ تا حال چاند کی عمر اور رویت کے حوالے سے رپورٹ جاری نہیں کی، رپورٹ جاری ہونے تک محکمہ عید کے 22 اپریل کو ہونے یا 21 اپریل کو ہونے کے حوالے سے کوئی رائے نہیں دے سکتا۔
رات گئے عید کا اعلان
یہاں ایک دلچسپ بات یہ ہے کہ گزشتہ سال محکمہ موسمیات نے چاند کی عمر اور رویت کے حوالے سے رپورٹ جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ 29 رمضان المبارک کو چاند نظر آنے کا امکان نہیں ہے اور 30 روزے ہوں گے، تاہم مرکزی رویت ہلال کمیٹی کو 29 رمضان المبارک کو ہونے والے اجلاس میں شہادتیں موصول ہوئی تھیں جس کے بعد رات گئے عید الفطر کا اعلان کر دیا گیا تھا، رات کو دیر سے چاند نظر آنے کے اعلان پر محکمہ موسمیات کی رپورٹ اور مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے اعلان پر سوال اٹھائے گئے تھے اور تنقید بھی کی گئی تھی۔
عیدالفطر 22 اپریل ہفتے کو ہوگی
ماہرین فلکیات کا بھی کہنا ہے کہ عیدالفطر 22 اپریل ہفتے کو ہوگی، ماہرین فلکیات کے مطابق 20 اپریل جمعرات کو سورج گرہن ہوگا جو صبح ساڑھے 6 بجے شروع ہوکر دوپہر 12 بجے ختم ہوگا۔
فلکیاتی حساب کے مطابق سورج گرہن چاند کی 29 تاریخ کو ہوتا ہے اور اگلے روز نیا چند نظر آتا ہے لہٰذا 20 اپریل کو جن ملکوں میں سورج گرہن دیکھا جائے گا ان ممالک میں نیا چاند قطعی نظر نہیں آئے گا اس لیے پاکستان میں عیدالفطر 22 اپریل ہفتے کو ہوگی۔