ایم کیو ایم پاکستان نے تحریک انصاف کے رہنماء فواد چوہدری کے بیان پر اپنے رد عمل کا اظہار کیا ہے۔
رابطہ کمیٹی نے اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ توشہ خانہ سے فرح گوگی تک فواد چوہدری اپنی کرپشن کا حساب دیں۔
رابطہ کمیٹی کا رد عمل میں کہنا تھا کہ فواد چوہدری خیبر پختونخوا کے ترقیاتی فنڈز میں خورد برد کا جواب دیں۔
ایم کیو ایم نے کہا ہے کہ اپنے دور اقتدار میں عمران خان کو ایک دن بھی کراچی میں رکنا گوارہ نہیں تھا جبکہ فواد چوہدری گزشتہ 2 ماہ سے جاری مردم شماری کے عمل میں کہاں غائب تھے۔
رابطہ کمیٹی نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم کے رہنماء اور کارکنان درست مردم شماری کے لیے مسلسل جدوجہد کررہے ہیں۔
واضح رہے کہ تحریک انصاف کے رہنماء فواد چوہدری نے کہا تھا کہ ایم کیو ایم نے کراچی کے عوام کی نمائندگی مزید کم کرنے میں گھناؤنا کردار ادا کیا ہے۔
ایم کیو ایم نے کراچی کے عوام کی نمائندگی مزید کم کرنے میں گھناؤنا کردار ادا کیا ہے، 95فیصد مردم شماری مکمل ہونے کے بعد جس پر پینتالیس ارب روپے لگ گئے شہری سندہ اور خصوصاً کراچی کی آبادی میں نمایاں کمی دکھا دی گئ ہے، اس کے نتیجے میں کراچی دو قومی نشستوں سے محروم ہو سکتا ہے، کراچی…
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) April 12, 2023
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ 95 فیصد مردم شماری مکمل ہونے کے بعد جس پر 45 ارب روپے لگ گئے شہری سندھ اور خصوصاً کراچی کی آبادی میں نمایاں کمی دکھائی گئی ہے اس کے نتیجے میں کراچی دو قومی نشستوں سے محروم ہو سکتا ہے۔ اب کراچی کے لوگ ان جماعتوں کا احتساب کریں گے۔