عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) نے پاکستان کو جلد اسٹاف لیول معاہدے پر دستخط کرنے کی یقین دہانی کرادی ہے۔
وفاقی وزارت خزانہ کی طرف سے جاری اعلامیے کے مطابق اسحاق ڈار نے ویڈیو لنک کے ذریعے آئی ایم ایف اور عالمی بینک کے اجلاسوں میں شرکت کی۔
Finance Minister Senator Mohammad Ishaq Dar attended IMF/World Bank Spring meetings via Zoom from Islamabad with high level IMF team headed by Mr. Jihad Azour Director IMF. They discussed progress on IMF program and implementation of Prior Actions. (1/2)… pic.twitter.com/bel7gcWoma
— Ministry of Finance, Government of Pakistan (@Financegovpk) April 12, 2023
اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ آئی ایم ایف ٹیم کی قیادت ڈائریکٹر مشرق وسطیٰ اور وسطی ایشیا نے کی اور آئی ایم ایف کے جاری قرض پروگرام میں ہونے والی پیشرفت پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ آئی ایم ایف مشن کے دورہ پاکستان اور پیشگی اقدامات پر عملدرآمد سے متعلق بھی گفت وشنید کی گئی۔
وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان نے مجھے اہم مصروفیات کے باعث بیرون ملک دورے سے روکا جس کی وجہ سے مجھے واشنگٹن کا دورہ منسوخ کرنا پڑا۔
وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے اجلاس کو ملک میں درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے میکرو اکنامک استحکام لانے کے لیے حکومت کے ویژن سے بھی آگاہ کیا۔
اسحاق ڈار نے 9ویں جائزے کے لیے تمام پیشگی اقدامات کی تکمیل سے اجلاس کو آگاہ کیا اور کہا کہ عالمی مالیاتی فنڈ کے ساتھ طے شدہ تمام ذمہ داریوں کو پورا کریں گے۔
ڈائریکٹر آئی ایم ایف نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ اسٹاف لیول کے معاہدے پر جلد دستخط کر دیے جائیں گے جس کے بعد بورڈ قرض کی منظوری دے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ امید ہے پاکستان آئی ایم ایف پروگرام بروقت مکمل کرے گا اور مختلف شعبوں میں اصلاحات پر پیشرفت جاری رکھی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ عالمی مالیاتی فنڈ پاکستان میں اقتصادی استحکام لانے کے لیے اپنا مثبت کردار اداکرے گا۔
اجلاس میں وزیر مملکت برائے خزانہ عائشہ غوث پاشا، معاونین خصوصی طارق باجوہ، طارق محمود پاشا، امریکہ میں پاکستان کے سفیر مسعود خان ،گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد اور سیکرٹری خزانہ نے شرکت کی۔
وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے 9ویں جائزے کو مکمل کرنے میں تعاون پر ڈائریکٹر جہاد ازور اور ان کی آئی ایم ایف ٹیم کا شکریہ ادا کیا۔