پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی چیئرمین عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی خواہش ہے کہ اسلام آباد میں احتجاج کو جاری رکھا جائے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بشریٰ بی بی احتجاج ختم کرنے کے حق میں نہیں تھیں، ان کی رائے ہے کہ احتجاج کو جاری رکھنا چاہیے۔ واضح رہے کہ قبل ازیں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے اسلام آباد میں احتجاج ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا گیا تھا کہ عمران خان کی ہدایت کے مطابق آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔
ترجمان پاکستان تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ حکومتی منصوبے کے تحت پی ٹی آئی کے پرامن احتجاج کے فی الوقت منسوخی کا اعلان کیا جاتا ہے۔ نیز یہ کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ہدایت کی روشنی میں آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔۔
یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد سے لاپتا ہونے والے علی امین اور بشریٰ بی بی مانسہرہ پہنچ گئے، اہم پریس کانفرنس متوقع
دوسری جانب، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور اور بشریٰ بی بی کی پی ٹی آئی سیکرٹریٹ مانسہرہ میں ہونے والی ہنگامی پریس کانفرنس 2 گھنٹے سے زائد تاخیر کا شکار ہوگئی ہے۔
قبل ازیں، پی ٹی آئی کی جانب سے اعلان کیا گیا تھا کہ علی امین گنڈاپور، بشریٰ بی بی اور عمر ایوب مانسہرہ میں موجود ہیں اور وہ دن 11 بجے ہنگامی پریس کانفرنس کریں گے، بعدازاں 12 بجے کا وقت دیا گیا لیکن پریس کانفرنس تاحال شروع نہ ہوسکی۔
یہ بھی پڑھیں: شیلنگ سے اموات جھوٹا پروپیگنڈا قرار، گرینڈ آپریشن کے دوران آتشیں اسلحہ استعمال کی تردید
تازہ ترین اطلاعات کے مطابق، پریس کانفرنس سے قبل پی ٹی آئی رہنماؤں کے درمیان اہم مشاورت جاری ہے۔ وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور، بشریٰ بی بی، عمر ایوب اور دیگر پی ٹی آئی رہنما مانسہرہ میں اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی بابر سواتی کی رہائش گاہ پر موجود ہیں، پی ٹی آئی قائدین مشاورت کے بعد ہی پریس کانفرنس کریں گے۔
پی ٹی آئی کارکنان، مقامی قیادت اور صحافیوں کی بڑی تعداد بھی اسپیکر صوبائی اسمبلی کے گھر کے باہر موجود ہے لیکن ابھی تک قائدین باہر نہیں آئے۔
مانسہرہ میں پی ٹی آئی قیادت کی بیٹھک میں عمران خان کی اہلیہ بشری بی بی بھی شریک ہیں، تاہم اس دوران اہم پیش رفت میں وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کے طلب کرنے پر صوبائی چیف سیکریٹری، آئی جی پولیس اور سیکریٹری داخلہ بھی مانسہرہ پہنچ گئے ہیں۔
وزیر اعلی علی امین گنڈاپور کی جانب سے ہنگامی بنیادوں پر طلب کیے جانے پر تینوں شخصیات ہیلی کاپٹر کے ذریعہ مانسہرہ پہنچے ہیں، جہاں وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور کا پارٹی رہنماوں کے ساتھ اہم اجلاس جاری ہے۔
ذرائع کے مطابق اپنی پریس کانفرنس سے قبل وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور تینوں افسران سے اجلاس میں اہم معاملات پر بات چیت کریں گے۔














