بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کا بجٹ 60 فیصد بڑھادیا گیا، اسکیم میں خواجہ سرا بھی شامل

جمعرات 13 اپریل 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

حکومت پاکستان نے  بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے بجٹ میں 60  فیصد اضافہ کرتے ہوئے کل رقم 250 ارب روپے سے بڑھا کر 400 ارب روپے کردی.

سرکاری پریس رلیز کے مطابق وفاقی وزیر و چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام  شازیہ مری کی زیر صدارت اعلیI سطحی اجلاس میں متعلقہ افسران نے بتایا کہ بینظیر کفالت پروگرام کے تحت سہ ماہی وظیفہ 7000 روپے سے بڑھا کر 8750 روپے کردیا جائے گا اس طرح یہ اضافہ 90 لاکھ خاندانوں کے وظائف میں 25 فیصد بنتا ہے۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ اس وقت جنوری تا مارچ سہ ماہی قسط کے 8500 روپے ادا کیے جارہے ہیں جبکہ اپریل تا جون کی قسط 9000 روپے ہوگی۔

شازیہ مری کو بتایا گیا کہ بینظیر تعلیمی وظائف پروگرام میں مستحق خاندانوں کے 71  لاکھ بچوں کو تعلیمی وظائف دیے جارہے ہیں جبکہ بینظیر نشوونما پروگرام کو وسعت دیتے ہوئے پاکستان کے ہر ضلع میں اس کے 472 مراکز قائم کئے گئے ہیں۔

https://twitter.com/bisp_pakistan/status/1646109682963021824?cxt=HHwWgIC8paCClNgtAAAA

وفاقی وزیر کو یہ بھی بتایا گیا کہ بینظیر نشوونما پروگرام کے تحت حاملہ، دودھ پلاتی ماؤں اور شیر خوار بچوں کو بھی وظائف دیے جارہے ہیں جن کی تعداد 5 لاکھ 10 ہزار ہے۔

بریفنگ میں کہا گیا کہ اس وقت ڈائنامک رجسٹری کے نام سے سروے پورے پاکستان میں جاری ہے جس میں موجودہ مستحقین کا ڈیٹا اپ ڈیٹ کیا جارہا ہے اور نئے مستحقین کو بھی اندارج کا موقع دیا جارہا ہے اور یہ سروی بلکل مفت ہے۔

بینظیر انڈرگریجویٹ اسکالرشپ کے حوالے سے بتایا گیا کہ اس اسکیم کے تحت 92 ہزار طلبا کو تعلیمی وظائف دیے جارہے ہیں جبکہ سیلاب سے متاثرہ 28 لاکھ خاندانوں کو فی خاندان 25 ہزار روپے کے حساب سے 70 ارب تقسیم کیے گئے ہیں۔

جہاں تک فیول سبسیڈی کا تعلق ہے اس مد میں 81 لاکھ خاندانوں کو 2 ہزار روپے فی خاندان کے حساب سے ایک ارب 67 کروڑ روپے دیے گئے ہیں۔

اجلاس میں بریفنگ کے دوران یہ بھی بتایا گیا کہ اب خواجہ سراؤں کو بھی بینظیر کفالت پروگرام میں شامل کر لیا گیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp