مراد سعید کے خلاف دارالحکومت میں 8 مقدمات درج ہیں، اسلام آباد پولیس

جمعرات 13 اپریل 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

اسلام آباد ہائی کورٹ نے رہنما تحریک انصاف مراد سعید کے خلاف درج مقدمات کی تفصیلات کی فراہمی سے متعلق کیس نمٹا دیا ہے۔

ایف آئی اے اور پولیس نے سابق وفاقی وزیر مراد سعید کے خلاف مقدمات کی تفصیلات عدالت میں پیش کردیں۔ ایف آئی اے کی جانب سے عدالت کو بتایا گیا کہ مراد سعید کے خلاف کوئی مقدمہ درج نہیں ہے۔

تاہم اسلام آباد پولیس نے مراد سعید کے خلاف درج 8 مقدمات کی تفصیلات اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس ارباب محمد طاہر کی عدالت میں پیش کردیں۔

مراد سعید کے وکیل شیر افضل مروت نے عدالت سے استدعا کی کہ سوات میں شدت پسندوں کی واپسی کے بعد مراد سعید کو سیکیورٹی کے ضمن میں واضح خطرات لاحق ہیں، انہیں سیکیورٹی فراہم کی جائے۔

 

رہنما تحریک انصاف مراد سعید کے خلاف اسلام آباد کے 6 مختلف تھانوں میں درج 8 مقدمات کی تفصیل جو اسلام آباد پولیس کی لیگل برانچ کی جانب سے عدالت میں جمع کرائی گئی ہے۔

 

جسٹس ارباب محمد طاہر کا کہنا تھا کہ سوات میں یہاں سے کیسے سیکیورٹی فراہم کی جاسکتی ہے۔ جس پر وکیل نے کہا کہ ان کے موکل کو سیکیورٹی اسلام آباد پولیس نے فراہم کررکھی تھی جو واپس لے لی گئی ہے۔

اس موقع پر جسٹس ارباب محمد طاہر نے مراد سعید سے واپس لی گئی سیکیورٹی سے متعلق کوئی بھی دستیاب دستاویزات جمع کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اس معاملہ کو بعد میں دیکھ لیتے ہیں۔

اسلام آباد پولیس کی جانب سے مراد سعید کے خلاف دارالحکومت کے 6 مختلف تھانوں میں درج 8 مقدمات کی تفصیلات جمع کرانے پر عدالت نے مراد سعید کی مقدمات کی تفصیلات فراہمی کا کیس نمٹا دیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp