لاہور سفاری زو میں حال ہی میں ببر شیروں کے خاندان میں 7 ننھے مہمانوں کا اضافہ ہوا ہے۔
چڑیا گھر میں ایک شیرنی کے ہاں 3 بچے پیدا ہوئے جبکہ 2،2 بچوں نے دیگر 2 شیرنیوں کے ہاں جنم لیا۔
لاہور سفاری کے ان نئے مہمانوں میں نایاب سفید ببر شیر کے 2 بچے بھی شامل ہیں۔ تمام بچوں کی صحت اچھی بتائی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ویتنام: برڈ فلو نے 47 شیر و ببر شیر ڈھیر کردیے
دکھ کی بات یہ ہے کہ ان نئے ننھے ببر شیروں میں سے 4 کو ان کی ماؤں نے دھتکار دیا ہے جس کے بعد اب انہیں چڑیا گھر کا عملہ بوتل سے دودھ پلا رہا ہے اور دیگر دیکھ بھال بھی کر رہا ہے۔
ویٹرنری ماہرین کا کہنا ہے کہ شیرنی اپنی اولاد کو اس وقت دھتکار دیتی ہے جب اسے اس میں کوئی نقص محسوس ہوجائے۔ گو زو انتظامیہ ان بچوں کی صحت کو تسلی بخش قرار دے رہی ہے۔
چڑیا گھر میں شیروں کی تعداد کتنی ہوگئی؟
ان پیدائشوں کے بعد چڑیا گھر میں شیروں کی آبادی 22 سے بڑھ کر 29 ہو گئی ہے۔ یہ بچے چند ہفتے پہلے پیدا ہوئے تھے جن سے چڑیا گھر کی رونق میں اضافہ ہوگیا ہے۔
علاوہ ازیں کراچی چڑیا گھر میں بھی حال ہی میں ایک شیرنی نے 3 بچے پیدا کیے۔
مزید پڑھیے: کراچی چڑیا گھر میں مادہ بنگال ٹائیگر کی ہلاکت کیسے ہوئی؟
چڑیا گھر کے حکام نے اس بات کی تصدیق کی کہ شیرنی اور اس کے بچے صحتمند ہیں۔ جب بچے 8 ماہ کے ہوجائیں گے تب عوام میں ان کی رونمائی ہوگی۔
قبل ازیں کراچی چڑیا گھر میں ایک 30 سالہ بنگال شیرنی کی قدرتی موت واقع ہوگئی تھی۔ بنگال ٹائیگرز عام طور پر 18 سے 20 سال تک زندہ رہتے ہیں لیکن مذکورہ شیرنی کی عمر غیر معمولی طور پر طویل رہی۔