صوبے میں سی ٹی ڈی فعال، وزیراعظم کو ملنے والی معلومات درست نہیں، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا

اتوار 1 دسمبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ صوبے میں سی ٹی ڈی فعال ہے، اس حوالے سے وزیراعظم کو جو معلومات ملی ہیں  کہ کاؤنٹر ٹیرارزم ڈیپارٹمنٹ فعال نہیں وہ غلط ہیں۔

سی ٹی ڈی پشاور کے ہیڈکوارٹرز میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ سی ٹی ڈی نے خیبرپختونخوا میں ہزاروں دہشت گرد کارروائیاں ناکام بنائیں، پراسیکیوشن کی جانب سے بھی بہتر کام کیا جارہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں رواں برس خیبرپختونخوا میں دہشتگردی کا گراف کیسا رہا؟ محکمہ انسداد دہشتگردی کی رپورٹ جاری

انہوں نے کہاکہ ہماری حکومت میں صوبے میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہوئی، ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں وزیراعظم نے کہا تھا کہ سی ٹی ڈی فعال نہیں، یہ غلط ہے، اور ان کو درست معلومات نہیں بتائی گئیں۔

علی امین گنڈاپور نے کہاکہ خیبرپختونخوا میں سی ٹی ڈی کے 16 اسٹیشنز فعال ہیں، ہم نے پراسیکیوشن پر بھی کام شروع کردیا ہے، اور آئندہ ہفتے مزید لوگوں کو بھی لارہے ہیں۔

وزیراعلیٰ نے کہاکہ سی ٹی ڈی میں زیر حراست ملزمان کی اصلاح بہت ضروری ہے، اس لیے ان کے لیے خصوصی سیل تیار کیے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ کل سی ٹی ڈی کو مزید ایک ارب روپے جاری کردیے جائیں گے، جس کے بعد ہمیں فرانزک کے لیے پنجاب سمیت کہیں پر بھی نہیں جانا پڑےگا، جبکہ 20 بم پروف گاڑیاں بھی خریدی جارہی ہیں۔

علی امین گنڈاپور نے کہاکہ سی ٹی ڈی اہلکاروں کی کٹس کا مسئلہ ہے، کل 300 کٹس کے لیے فنڈز مہیا کردیے جائیں گے، جبکہ 16 اسنائپرز کے لیے بھی فنڈز دے رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں دہشتگردی کے واقعات میں نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کا استعمال، خیبرپختونخوا حکومت نے وفاق کو کیا تجویز دی؟

انہوں نے کہاکہ ہمارے پاس بہت لمبی سرحد ہے، ملک کے لیے قربانیاں دیتے رہیں گے، پولیس کا کوٹہ 5 فیصد سے بڑھا کر 12 فیصد کردیا ہے جبکہ شہدا کے لواحقین کو پلاٹس بھی دیے جارہے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp