سرکاری کوٹے سے کم حج درخواستیں وصول، آخری تاریخ میں توسیع کا امکان

پیر 2 دسمبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان بھر سے ہر سال ہزاروں شہری پرائیویٹ اور سرکاری کوٹے کے تحت فریضہ حج کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب روانہ ہوتے ہیں، سرکاری کوٹے پر حج چونکہ نسبتاً سستا ہوتا ہے اس لیے ہمیشہ سے کوٹے سے کئی گنا زائد درخواستیں موصول ہوتی تھیں لہذا قرعہ اندازی کے ذریعے خوش نصیب افراد ہی حج کرپاتے تھے۔

تاہم گزشتہ دو سالوں سے مہنگائی کے باعث سرکاری کوٹے کے مطابق مطلوبہ تعداد میں درخواستیں موصول نہ ہونے کے باعث حکومت کو کوٹا واپس کرنا پڑرہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: حج درخواستوں کی وصولی کا آغاز، درخواست کے ساتھ کتنے روپے جمع کرانا ہوں گے؟

سال 2025 میں متوقع حج کے لیے پاکستان کو سعودی عرب کی جانب سے ایک لاکھ 79 ہزار 210 عازمینِ حج کا کوٹہ دیا گیا ہے، 50 فیصد سرکاری اور 50 فیصد عازمین پرائیویٹ اسکیم کے تحت حج پر روانہ ہو سکتے ہیں۔

سرکاری کوٹے کے تحت 89 ہزار 605 شہری آئندہ برس حج کے لیے روانہ ہوسکتے ہیں، اس ضمن میں حکومت نے 18 نومبر سے 3 دسمبر تک حج درخواستوں کی وصولی کا آغاز کیا تھا، تاہم اب درخواست کی وصولی میں ایک دن باقی رہ گیا ہے اور اب تک 47 ہزار کے قریب درخواستیں جمع کرائی گئی ہیں۔

مزید پڑھیں: حج پروازوں سے متعلق وزارت مذہبی امور اور پی آئی اے کے درمیان معاہدے پر دستخط

اب تک جمع کرائی گئی درخواستوں کی تعداد کا تناسب سرکاری کوٹے کا 53 فیصد سے بھی کم ہے، مطلوبہ تعداد سے کم درخواستیں موصول ہونے پر امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ حج کی درخواستیں وصول کرنے کی آخری تاریخ میں گزشتہ سال کی طرح توسیع کر دی جائے گی۔

گزشتہ برس یعنی 2024 میں منعقدہ حج کے لیے حکومت کو 69 ہزار 438 درخواستیں موصول ہوئی تھیں، جبکہ قرعہ اندازی کے بعد 63 ہزار 805 خوش نصیب افراد حج کے لیے منتخب ہوئے تھے، جبکہ وزارت کی جانب سے 21 ہزار سے زائد خالی رہ جانے والا کوٹہ سعودی حکومت کو واپس کر دیا گیا تھا۔

مزید پڑھیں: حج پالیسی 2025 کا اعلان، پچھلے سال کے مقابلے میں ایک لاکھ روپے کا اضافہ

گزشتہ سے پیوستہ سال یعنی 2023 میں سرکاری حج اسکیم کے تحت مجموعی طور پر 79 ہزار 922 درخواستیں جمع کرائی گئی تھیں جبکہ کل کوٹہ 89 ہزار 605 عازمین کا تھا، حکومت نے سرکاری اور پرائیوٹ اسکیم کا مجموعی طور پر 20 ہزار افراد کا کوٹہ سعودی حکومت کو واپس کیا تھا۔

اسی طرح سال 2022 میں سرکاری اسکیم کے تحت 82 ہزار 132 درخواستیں موصول ہوئی تھیں جبکہ کرونا وائرس کے باعث اس سال کوٹہ بھی کم دیا گیا تھا۔

مزید پڑھیں:حج بینک کوآرڈینیٹرز کی تربیت کا آغاز، عازمین کو کیا فائدہ ہوگا؟

ماہرین کا کہنا ہے کہ حج درخواستیں موصول ہونے کی تعداد میں کمی کی بڑی وجہ مہنگائی ہے، گزشتہ سال سرکاری اسکیم کے تحت حج کی قیمت 10 لاکھ 75 ہزار روپے تھی جو کہ اب ایک لاکھ روپے بڑھ کر 11 لاکھ 75 ہزار روپے ہو گئی ہے۔

گزشتہ برس منعقدہ حج کے لیے پاکستانی وزارت حج نے ہر عازمِ حج سے 3 ہزار 769 ڈالر وصول کیے تھے جبکہ سال 2025 کے حج کے لیے ہر عازمِ حج سے 4 ہزار 224 ڈالر وصول کیے جا رہے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp