پنجاب میں کوئی باہر نہیں نکلا، جب لوگ باہر نکلتے ہیں تو انہیں روکنا ممکن نہیں ہوتا، وزیراعلیٰ پنجاب

منگل 3 دسمبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعلیٰ پنجاب مریم وناز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) کے احتجاج کے لیے پنجاب سے کوئی باہر نہیں نکلا، جب لوگ باہر نکلتے ہیں تو انہیں روکنا ممکن نہیں ہوتا۔

لاہور میں ستھرا پنجاب پروگرام کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ جلاؤ گھیراؤ کی باتیں کرنے والوں کو منہ کی کھانی پڑی، اب ضروری ہے کہ پنجاب کو سیاسی گند سے بھی پاک کیا جائے۔

یہ بھی پڑھیں: فتنہ اورانتشارپسندوں کا ساتھ نہ دینے پر پنجاب کے عوام کا شکریہ، مریم نواز

انہوں نے کہا کہ سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ لاہور کی سڑکوں پر ہوں، کسی کو جمع نہیں ہونے دیا جارہا، لوگ باہر نکلتے ہیں تو انہیں روکنا پولیس کے بس کی بات نہیں ہوتی، پبنجاب میں جب کوئی نکلا ہی نہیں تو کیسے نظر آئے گا، پنجاب کے کسی شہر سے 2 درجن سے زائد لوگ نکلتے نہیں دیکھے۔ انہوں نے کہا کہ ماسٹر مائینڈ سے جیل نہیں کاٹی جارہی تو یہ سب کچھ کروائے گا، کوئی خود کو لیس کرکے دوسرے صوبے پر حملہ کرنے نہیں آتا، 24 نومبر کو جو بلوے ہوئے وہ احتجاج نہیں بلکہ وفاق پر حملہ تھا۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ ہم نے بھی جلسے اور جلوس کیے لیکن ایک گملا تک نہیں ٹوٹا، جمہوریت میں ظلم برداشت کریں تو آواز اٹھاتے ہیں تشدد نہیں کرتے، حکومت چاہے جس کی بھی ہو پاکستان تو میرا ہے، میں اپنے ملک میں کیسے آگ لگا سکتی ہوں، میں وہ دل کہاں سے لاؤں کہ گملا توڑ دوں یا آگ لگا دوں، یہ میں نہیں کرسکتی۔

’پولیس والوں پر سیدھی گولیاں چلائی گئیں‘

انہوں نے کہا کہ جب لوگ پریشان اور تکلیف میں ہوں تو باہر نکلتے ہیں، جب لوگوں کو کوئی تکلیف نہیں تو کیوں نکلیں، آپ خود کو جمہوری کہتے ہیں تو طریقے بھی وہی ہونے چاہییں، راولپنڈی میں جو ہوا وہ احتجاج نہیں بلکہ بلوا تھا۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ سی ایم ایچ گئی تو وہاں ایک ہی لائن میں زخمی رینجرز اور پولیس جوان لیٹے تھے، وارڈ میں داخل ہوئی تو اہلکاروں کی باتیں سنیں تو سمجھ نہیں آیا کہ کس دیوار میں سر ماروں، جو کچھ پنجاب پولیس کے آئی جی سے سنا وہ کم تھا۔

یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی کا احتجاج مسلح دہشت گردی ہے، مریم نواز کا ردعمل

مریم نواز نے کہا کہ یہ لوگ اسلحہ سے لیس تھے، پولیس والے سے پوچھا تو اس نے بتایا کہ پی ٹی آئی والے نے پوائنٹ بلینک رینج سے سیدھی گولیاں ماریں، ایس پی نے بتایا کہ پی ٹی آئی والوں نے کیلوں والے ڈنڈوں سے حملہ کیا، رینجرز اہلکاروں نے بھی یہی جواب دیا۔ انہوں نے کہا کہ پولیس والوں کو شہید کیا گیا، ان پر سیدھی گولیاں چلائی گئیں، ایس پی صاحب کے پاس گئی تو ان کے سر پر پٹیاں بندھی تھیں اور ان کی آنکھ ضائع ہوچکی تھی، ان کی بازو اور ٹانگ کی ہڈیاں ٹوٹ چکی تھیں۔ ۔

’ستھرا پروگرام سے ہر شہری کو فائدہ ہوگا‘

ستھرا پروگرام سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اللہ کا شکر ہے کہ آج یہ تاریخی اور بڑا منصوبہ پایہ تکمیل کو پہنچا، وزیر بلدیات پنجاب ذیشان رفیق بہت محنت کررہے ہیں، اس منصوبے سے پنجاب کے ہر شہری کو فائدہ ہوگا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ نواز شریف نے کہا تھا پنجاب کے شہروں، گلی محلوں کو صاف کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے، آج کا دن پنجاب کے عوام کے لیے ایک بڑا سنگ میل ہے، اتنی محنت کے بعد چند ماہ میں صفائی کا اتنا بڑا نظام قائم ہوگیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: مسلم لیگ ن کی ہوا چل پڑی ہے، ترقی کا پلڑا بھاری تھا اور رہے گا، مریم نواز

انہوں نے کہا کہ پنجاب کی ہر گلی، محلہ اور ہر گھر کو صاف رکھنے کے لیے مزید محنت کرنا ہوگی، شہباز شریف کے دور میں میٹرو بس اور اورنج ٹرین جیسے منصوبے بن رہے تھے، شہباز شریف کے پروگرام صوبے میں چلتے رہتے تو آج حالات بہتر ہوتے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ مجھے جو پنجاب ملا وہ 4 سال میں تنزلی کی طرف جاتا ہوا پنجاب ملا جس میں اسکولوں، اسپتالوں اور دیگر شعبوں کا نظام انتہائی خراب تھا، اب ترقی کرتے کرتے پنجاب کا نظام دوبارہ ٹریک پر آرہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب کو صاف رکھنا صرف حکومت کا کام نہیں، صوبے میں بسنے والے سب لوگوں کو اپنی گلی کو صاف رکھنا ہوگا، صفائی ستھرائی پروگرام کے لیے نئی مشینری حاصل کی جارہی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp