ہماری مجبوری ہوگئی ہے کہ پی ٹی آئی کی سپورٹ کے لیے کھڑے ہوں، ایکس سروس مین سوسائٹی

جمعہ 14 اپریل 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ایکس سروس مین سوسائٹی کے عہدیداران ریٹائرڈ اعلیٰ فوجی افسران نے عمران خان سے زمان پارک میں ملاقات کے بعد نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم آئین اور عدلیہ کے ساتھ کھڑے ہیں صاف اور شفاف انتخابات ہی مسائل کا حل ہیں۔

ریٹائرڈ فوجی افسران کی تنظیم کے صدرعلی قلی خان اور بریگیڈیئر محمود نے کہا کہ ہماری مجبوری ہوگئی ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی سپورٹ کے لیے کھڑے ہوں۔

انہوں نے کہا کہ جنرل باجوہ کے دور میں ان سے ہماری لمبی لمبی میٹنگز ہوا کرتی تھیں اس وقت ہیمں کہا جاتا تھا کہ صبر کریں حالات ٹھیک ہو جائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نئے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کو موقع دینا چاہتے تھے اس حوالے سے انہیں خط بھی لکھا لیکن تاحال کوئی جواب نہیں دیا گیا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کے عوام سے فوج دور ہورہی ہے جو کہ خطرناک ہے، اسے جتنا جلدی ختم کیا جائے اتنا اچھا ہے، ہم خاموش نہیں رہ سکتے ہماری زندگیاں پاکستان کے لیے ہیں۔

نیوز کانفرنس میں بریگیڈیئر محمود نے کہا کہ ہم نے سابق آرمی چیف جنرل باجوہ سے مل کر کہا کہ امریکی تسلط کو توڑا جائے۔ اس وقت صاف اور شفاف انتخابات ہی مسائل کا حل ہیں۔

اس موقع پر سابق فوجی افسر شمشاد احمد نے کہا کہ ہم نے پاکستان کو بنتے دیکھا اور اب اسے بکھرتے دیکھ رہے ہیں ہم اس پاکستان کی تلاش میں ہیں جس کا تصور علامہ اقبال نے دیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ بھٹو نے ایک جرنیل کو آگے لگا کر ملک توڑا، فوج کو عوام کے سامنے کھڑا کیا گیا آج بھی 1971 والے ہی حالات پیدا ہو چکے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف اور آصف  زرداری کا پاکستان میں کچھ نہیں ان کا علاج بھی باہر ہوتا ہے، اس وقت مسائل کا حل صاف اور شفاف انتخابات ہی ہیں۔

نیوز کانفرنس کرتے ہوئے سابق وائس ایڈمرل خاور علی نے کہا کہ موجودہ حالات شرمندگی کا باعث بن رہے ہیں ملکر آئین کے لئے کوشش کرنی ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب کو باہر نکلنا ہوگا اور ملک کی خاطر قربانی دینا ہوگی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp