اس وقت یہ عالم ہے کہ 8 سے 80 سال تک کا فرد سیاسی بخار میں مبتلا ہے، ہر کسی کو معلوم ہے کہ کیا سیاست ہورہی ہے۔ سوشل میڈیا کی مہربانی نے ہرمشکل آسان کردی ہے، لیکن سوال یہ ہے کہ کیا ہم سیاستدان یا کارکن بننے کے لیے پیدا ہوئے ہیں؟ اب تصور کریں کہ امتحانات میں “سیاسی پرچا” آنے لگے تو وہ کیسا ہوگا؟ سوچ کر ہی مسکراہٹ آجاتی ہے، لیکن یاد رکھیں، یہ پرچا آپ کے سیاسی شعور کا آئینہ دار ہوسکتا ہے۔ ویسے بھی سیاست دان ہر بار یہی تکرار کرتے ہیں کہ ان کے خلاف “سیاسی پرچا” کاٹا گیا ہے۔ تو پھر ملاحظہ فرمائیں “سیاسی پرچا” جو آپ کو امتحان میں ضرور ڈالے گا۔
سیاسی پرچا
تمام سوالوں کے جواب لازمی ہیں، سیاستدانوں کی طرح کوئی سوال گول نہ کریں۔ سوالات کے جواب لکھتے وقت کسی کو بلاک یا ان فرینڈ نہ کریں۔ جوابی کاپی کے ساتھ تصویری ثبوت دینا ممنوع ہے۔ نیز یہ پرچا تو شاید آپ پاس کرلیں، مگر سیاست کا امتحان زندگی بھر چلتا رہے گا۔
حصہ اول
1 ۔ مندرجہ ذیل سوالات میں سے کسی 3 کے مختصر جوابات تحریر کیجئے :
1۔ دھرنے اور لانگ مارچ میں فرق بیان کریں۔
2۔ کامیاب عدم اعتماد کے لیے کن پہلوؤں پرتوجہ دینی چاہیے؟
3۔ دھمکیوں اور عملی اقدامات کی تعریف کریں۔
4۔ پرتشدد مظاہرے کے دوران گرفتاری کے خوف سے “راہ فرار” کا ۤآسان طریقہ تحریر کریں۔
5۔ وی پی این کے بغیر ایکس استعمال کرنے کے مسائل بیان کریں۔
6۔ سیاست میں کامیابی کے لیے جھوٹ بولنے یا یوٹرن کا ہنر کتنا ضروری ہے؟
7۔ قائد ایوان یا اپوزیشن لیڈر کی ایوان میں تقریر خراب کرنے کے لیے 4 اہم نکات لکھیں۔
8۔ اپوزیشن کی پریس کانفرنس کے جواب میں کم ازکم کتنی اور کیوں پریس کانفرنس ہونی چاہیے؟
2۔ درج ذیل نثر کی تشریح، مفہوم اور راوی کے بیان کی مقصدیت بیان کریں۔
1۔ 4گھنٹے تک غائب رہا اور یہ لوگ مجھے ڈھونڈتے رہے، میں اُدھر ہاؤس میں ہی تھا رات کو، 4چھاپے مارے انہوں نے، لیکن نہیں پکڑسکے۔ اس دوران میری ذاتی و سرکاری گاڑیاں لے جائی گئیں اور ٹائر پھاڑ دیے گئے، گاڑی میں پمپ سے تیل ڈلوایا جس کی رسید ہے، میں شانگلہ، سوات، نوشہرہ، اور چارسدہ سے ہوتے ہوئے پشاور پہنچا۔
حصہ دوئم
3۔ اپنے سیاسی قائد کو خط لکھیں جس میں تجویز کریں کہ وہ کس موقع پر دھرنے کی کال دیں اور کن نکات پر عوام کو قائل کریں۔
4۔ واٹس ایپ پردوست کو لیک ویڈیوز کی اطلاع دیں۔ دوست کو کم از کم 4 لیک ویڈیوز کے بارے میں آگاہ کریں اور ممکنہ تبصرہ بھی شامل کریں۔
5۔ “پیوستہ رو شجر سے امید بہار رکھ” اور”ترے عشق کی انتہا چاہتا ہوں میری سادگی دیکھ میں کیا چاہتا ہوں “یہ اشعار کسی سیاسی رہنما سے منسوب کرکے ان پر 300الفاظ کا انشائیہ لکھیں۔
6۔ اپنے پسندیدہ رہنما کی تقریر کو میمز میں تبدیل کریں اور ان میں چھپے سیاسی پیغامات کی وضاحت کریں۔
حصہ سوئم
7۔ صحیح اور غلط پر نشان لگائیں۔
1۔ میرا انٹر نیٹ برق رفتار ٹرین کی طرح چل رہا ہے۔
2۔ دھرنے کی ناکامی کے ذمے دار یو ٹیوبرز ہوتے ہیں۔
3۔ سوشل میڈیا پر ہر چیز بڑھا چڑھا کرپیش کی جاتی ہے۔
4۔ حکومت مظاہروں اور احتجاج سے نہیں ڈرتی۔
5۔ ہم سوشل میڈیا پر کوئی اعتبار نہیں کرتے۔
6۔ سیاسی جماعتیں سوشل میڈیا کو کارکنوں کی اصلاح کے لیے استعمال کرتی ہیں۔
7۔ سیاسی یوٹیوبرز ہمیشہ سچ کا سہارہ لیتے ہیں۔
8۔ اپوزیشن اور حکومت ایوان میں عوامی مسائل پر زیادہ توجہ دیتی ہے۔
9۔ حکومت نے عوام پر بوجھ نہ ڈالنے کی وجہ سے وزرا کی تعداد کم رکھی۔
10۔ احتجاج کے دوران کارکنان زیادہ تر موبائل چارج کرنے کی فکر میں رہتے ہیں۔
11۔ سوشل میڈیا ٹرینڈز ہمیشہ عوام کی حقیقی آواز ہوتے ہیں۔
12۔ ہر سیاستدان کے پاس پلان بی موجود ہوتا ہے۔
11۔ ایک لیڈر آخری وقت تک کارکنوں کے ساتھ کھڑا رہتا ہے۔
8۔ درست لفظ کے ساتھ خالی جگہ “پُر” کریں۔
1۔ لانگ مارچ یا دھرنا کامیاب بنانے کے لیے ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ بہت ضروری ہے۔
( تربیت یافتہ پرتشدد کارکن، کینٹینرز، درست وقت )
2۔ کارکنوں کو۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ کا لالچ دکھا کرجلسوں کے لیے گھروں سےنکالا جاتا ہے۔
(رقم ، بریانی کے پیکٹ، سوشل میڈیا ویڈیوز)
3۔ فیک نیوز کے لیے ۔۔۔۔۔۔۔۔۔ بہت اہم ہے۔
(اندھی تقلید، لاعلمی، انٹرنیٹ)
4۔ جلسے میں لوگوں کی تعداد بڑھانے کے لیے ____کی موجودگی ضروری ہے۔
(ڈیزل، خواتین، قوالی یا میوزیکل نائٹ)
5۔ دھرنوں اور احتجاج سے لیڈر۔۔۔۔۔۔۔ کو دور رکھتا ہے۔
(اپنےبچوں، تشدد، کارکنوں)
6۔ جو ۔۔۔۔۔۔۔۔ سیاسی جماعت کی بات نہ مانے وہ دراصل ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ہوتا ہے۔
(صحافی، لفافہ، کارکن، لوٹا، لیڈر، غدار)
7۔ کچھ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ کو دیکھ کر پتا لگ جاتا ہے کہ ان کا جھکاؤ کس طرف ہے۔
(چینلز، صحافیوں، فنکاروں)
9۔ محاروں کا استعمال کرتے ہوئے سیاسی جملے بنائیں۔
1۔ جو بوئے گا وہ کاٹے گا۔
2۔ آگے کنواں پیچھے کھائی۔
3۔ 900چوہے کھا کے بلی حج کو چلی۔
4۔ نہ رہے بانس نہ بجے بانسری۔
5۔ کوا چلا ہنس کی چال اپنی ہی بھول گیا۔
6۔ اب پچھتائے کیا ہوت جب چڑیاں چگ گئیں کھیت۔
7۔ اپنے پاؤں میں آپ کلہاڑی مارنا۔
8۔ چور کی داڑھی میں تنکا۔
9۔ جو گرجتے ہیں وہ برستے نہیں۔
10۔ وہ دن گئے جب خلیل خان فاختہ اڑایا کرتے تھے۔
حصہ چہارم
10۔ درج ذیل میں سے کسی 2 پر تفصیلی مضامین تحریر کریں۔
1۔ ڈی چوک کا سیاسی منظرنامہ 2۔ فائنل کال کا آخری کارڈ 3۔ لیک ویڈیوز کا سیاسی اثر 4۔ دھرنوں کا یوسین بولٹ 5۔ احتجاج میں موبائل سگنل بند کرنے کا سیاسی فائدہ۔ 6۔ پرانی ویڈیوز کے ذریعے جلسے کو کامیاب کرنے کے فن۔