شام میں باغیوں کے قبضے کے باعث اقتدار چھوڑنے والے صدر بشارالاسد کو روس کی حکومت نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر اپنے ملک میں پناہ دے دی۔
یہ بھی پڑھیں شام میں اسد خاندان کاطویل دور حکمرانی ختم، دمشق کی سڑکوں پر جشن
غیرملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق روس نے بشارالاسد سمیت ان کے خاندان کو اپنے ملک میں پناہ دی ہے۔
روسی چینل ون نے بھی کریملن ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ شام کے سابق صدر بشارالاسد اپنے خاندان سمیت روس میں موجود ہیں۔
اس سے قبل متضاد خبریں سامنے آئی تھیں کہ شام سے فرار ہونے والے بشارالاسد کے طیارے کو حادثہ پیش آیا ہے اور وہ اس میں ہلاک ہوگئے ہیں۔
یاد رہے کہ شام میں باغیوں نے مختلف شہروں کے بعد دارالحکومت دمشق کا کنٹرول بھی حاصل کرلیا ہے، تاہم بشارالاسد باغیوں کے داخلے سے قبل ہی فرار ہوگئے تھے، جس کے بعد ان کے طیارے کو حادثہ پیش آنے کی متضاد خبریں سامنے آئیں۔
اس سے قبل روسی حکام نے کہا تھا کہ بشارالاسد شام سے نکلنے سے قبل ہی صدارت سے مستعفی ہوگئے تھے، اور انہوں نے ہدایت کی تھی کہ اقتدار کی پُرامن منتقلی یقینی بنائی جائے۔
یہ بھی پڑھیں 5 دہائیوں تک شام پر حکومت کرنے والے الاسد خاندان کے عروج و زوال پر ایک نظر
روسی حکام کے مطابق بشارالاسد نے صدارت کا عہدہ اور ملک چھوڑنے کا فیصلہ کرلیا تھا۔