شمالی کوریا کا پہلے ٹھوس ایندھن بیلیسٹک میزائل کا کامیاب تجربہ

جمعہ 14 اپریل 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

شمالی کوریا نے اپنے پہلے ٹھوس ایندھن والے بین البراعظمی بیلسٹک میزائل کے کامیاب تجربے کا اعلان کیا ہے۔ یہ شمالی کوریا کے سپریم لیڈر کم جونگ کے مزید جدید اور طاقتور ہتھیار تیار کرنے کے منصوبے کا ایک اہم ہدف تھا۔

الجزیرہ کے مطابق جمعرات کو جنوبی کوریا اور جاپان کو اس ٹیسٹ کا پتہ چلا تھا جس پر انہوں نے شمالی جزیرے ہوکائیڈو کے اپنے رہائشیوں کو مختصر طور پر انخلا کی ہدایت کردی تھی۔

شمالی کوریا کے سرکاری میڈیا نے جمعہ کی صبح ہواسونگ 18 نامی میزائل کے لانچ کی تصدیق کی۔

اس تقریب کی نگرانی کم نے کی جن کے ساتھ ان کی بیٹی بھی تھیں۔

کورین سنٹرل نیوز ایجنسی نے اس تجربے کو ایک ’معجزانہ کامیابی‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ ایک نئی قسم کے بین البراعظمی بیلسٹک میزائل کا تجربہ تھا جو ایک اہم ترین ہتھیار ہے۔

خبر رساں ایجنسی نے کم جونگ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ میزائل شمالی کوریا کے لیے اپنے حریفوں کے خلاف نیوکلیئر کے بدلے نیوکلیئر اور محاذ آرائی کے بدلے محاذ آرائی سے جواب دینے میں معاون ثابت ہوگا۔

ہواسنگ 18 ہتھیاروں کا نظام ملک کی اسٹریٹجک فورسز کے ذریعے چلایا جائے گا اور یہ شمالی کوریا کے دفاع، یلغار کو روکنے اور ملک کی حفاظت کے لیے بھرپور کردار ادا کرے گا۔

ٹھوس ایندھن کے میزائل استعمال میں زیادہ محفوظ، پینترے بازی کرنے میں آسان اور مائع سے چلنے والی مختلف قسموں کے مقابلے میں تیزی سے نصب اور استعمال کیے جاسکتے ہیں اور یہ کم جونگ کے پانچ سالہ منصوبے کا حصہ ہے جس کا اعلان انہوں نے سنہ 2021 میں کیا تھا۔

بیلسٹک میزائل کے تجربے پر اقوام متحدہ کی پابندی کے باوجود شمالی کوریا اپنی فوجی صلاحیت کو آگے بڑھانے کی غرض سے ان پابندیوں کو خاطر میں نہیں لایا۔

شمالی کوریا نے پچھلے سال ریکارڈ تعداد میں ہتھیاروں کا تجربہ کیا جس میں ایک ہائی تھرسٹ ٹھوس ایندھن کا انجن بھی شامل تھا۔

شمالی کوریا نے اپنے تازہ ترین تجربات کے جواز کے لیے جنوبی کوریا اور امریکہ کے مابین بڑے پیمانے پر اجتماعی فوجی مشقوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے انہیں حملے کی ریہرسل قراردیا ہے۔ جبکہ واشنگٹن اور سیول کا کہنا ہے کہ ان کی مشقیں دفاعی نوعیت کی ہیں اور ان بڑھتے نیوکلیئر خطرات کا نتیجہ بھی ہیں جو شمالی کوریا کی جانب سے لاحق ہیں۔

شمالی کوریا نے صرف اس سال 12 مختلف لانچ ایونٹس میں تقریباً 30 میزائل فائر کیے ہیں۔ کم جونگ نے اپنی فوج کو ’حقیقی جنگ‘ کی تیاری کے لیے مشقیں تیز کرنے کا بھی حکم دیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp