ایف آئی اے سائبر کرائم کراچی میں فیک نیوز پھیلانے پر پہلا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
گزشتہ ماہ (نومبر) میں پی ٹی آئی کے احتجاج کے دوران پروپیگنڈا کے طور پر فیک نیوز پھیلانے پر مقدمہ پیکا ایکٹ کی دفعات کے تحت درج کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: سائبر کرائم ترمیمی بل کا مسودہ تیار، فیک نیوز دینے والے کو کتنی سزا اور جرمانہ ہوگا؟
ایف آئی اے سائبر کرائم کے ترجمان کے مطابق غلط خبریں پھیلانے پر پہلا مقدمہ میٹروویل کراچی کے رہائشی سیف الرحمان کے خلاف درج کیا گیا ہے، ریاست مخالف پروپیگنڈے میں ملوث شہری کے خلاف ایف آئی اے کی تحقیقات جاری ہیں، شہری سیف الرحمان نے سوشل میڈیا پر جعلی خبریں اپلوڈ کی ہیں اور تحقیقات کے بعد ملزم کی گرفتاری عمل میں لائی جائے گی۔
ملزم کے خلاف پی ٹی آئی احتجاج کے دوران فیک نیوز پھیلانے کے الزام پر مقدمہ درج کیا گیا تھا، ملزم کی آئی ڈی سے سوشل میڈیا پر نفرت انگیزی پھیلانے والے مواد کا انکشاف ہوا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ بلوچستان کا ریاست مخالف پروپیگنڈے کے خلاف کریک ڈاؤن
ایف آئی اے کے مطابق ملزم سیف الرحمان کی گرفتاری تاحال عمل میں نہیں آئی ہے، پیکا ایکٹ کے تحت جرم ثابت ہونے پرملزم کو سخت سزا کا امکان ہے، جعلی خبریں پھیلانے والے اکاؤنٹ کا تکنیکی تجزیہ مکمل کرلیا گیا ہے، نیز ایف آئی اے نے ریاستی اداروں کی ساکھ متاثر کرنے کا مواد بھی ضبط کر لیا ہے۔