بنگلہ دیش نے اقلیتوں پر ظلم و ستم اور مذہبی آزادیوں سے متعلق بھارتی میڈیا کے پروپیگنڈے کو مسترد کرتے ہوئے حکومت بھارت سے اس کی فوری روک تھام کا مطالبہ کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:بنگلہ دیش میں ہندو مخالف تشدد کی خبریں بھارتی پروپیگنڈا قرار
پیر کو بنگلہ دیش کے سیکریٹری خارجہ محمد جاسم الدین نے اعلان کیا کہ ڈھاکا نے باضابطہ طور پر نئی دہلی سے ان مسائل کو حل کرنے کی درخواست کی ہے، جو بنگلہ دیش کے لیے مسلسل تشویش کا باعث بن رہے ہیں۔
بنگلہ دیش کے سیکریٹری خارجہ محمد جاسم الدین نے کہا کہ جولائی، اگست کے دوران بنگلہ دیش میں عوامی انقلاب اور اقلیتوں کے خلاف دشمنی کے مبینہ واقعات کے بارے میں بھارتی میڈیا میں گمراہ کن بیانیے اور پروپیگنڈے کے بارے میں بھارتی حکومت کے سامنے تشویش کا اظہار کر دیا ہے۔
ڈھاکا نے سابق بنگلہ دیشی وزیراعظم شیخ حسینہ واجد کے بھارت میں قیام کے دوران دیے گئے بیانات پر بھی ناپسندیدگی کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ بھارت میں بیٹھ کر بنگلہ دیش کے خلاف بیانات دینا قابل قبول نہیں بھارتی حکومت انہیں بنگلہ دیش کے خلاف بیان بازی سے باز رکھیں کیونکہ موجودہ حکومت ان کے بیانات کو قابل اعتراض سمجھتی ہے۔
مزید پڑھیں:بنگلہ دیش کی معزول وزیر اعظم شیخ حسینہ واجد کے محل کو میوزیم میں بدلنے کا اعلان
بنگلہ دیشی سیکریٹری خارجہ نے اپنی حکومت کے اس مؤقف سے بھارتی سیکریٹری خارجہ وکرم مشری سے ملاقات کے دوران آگاہ کر دیا تھا۔
سیکریٹری خارجہ محمد جاسم الدین نے وزارت خارجہ میں پریس بریفنگ کے دوران مزید کہا کہ ہم نے سابق وزیراعظم شیخ حسینہ واجد کے بھارت میں دیے گئے بیانات کی طرف بھارتی حکومت کی توجہ مبذول کرائی ہے۔
جاسم الدین نے کہا کہ ایسے تبصرے ہمیں قابل قبول نہیں ہیں اور ہم نے بھارت سے درخواست کی ہے کہ وہ انہیں (شیخ حسینہ واجد) حکومت بنگلہ دیش کے تحفظات کے بارے میں آگاہ کریں۔
یہ بھی پڑھیں:بنگلہ دیش میں معزول وزیر اعظم حسینہ واجد کی عوامی لیگ کی ریلی نکالنے کی کوشش ناکام، متعدد گرفتار
اقلیتوں پر ظلم و ستم کے الزامات کے حوالے سے سیکریٹری خارجہ نے کہا کہ بنگلہ دیش میں تمام شہریوں کو مذہبی آزادی حاصل ہے اور بنگلہ دیش کی موجودہ حکومت مذہبی اور شخصی آزادیوں پر یقین رکھتی ہے۔
انہوں نے بین الاقوامی صحافیوں کو دورہ کرنے اور صورتحال کا براہ راست مشاہدہ کرنے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ ’ہم نے اس بات پر زور دیا ہے کہ بنگلہ دیش میں ہر کوئی آزادانہ طور پر اپنے عقیدے پر عمل کرتا ہے اور اس سلسلے میں غلط معلومات یا پروپیگنڈے کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بنگلہ دیش نے بھارت پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے ہمسایہ ملک کے اندرونی معاملات پر تبصرہ کرنے سے گریز کرے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے واضح طور پر کہا ہے کہ داخلی معاملات خودمختار رہنے چاہییں اور بنگلہ دیش دوسرے ممالک کے داخلی معاملات میں مداخلت نہیں کرتا، ہم دوسروں سے بھی اسی طرح کے احترام کی توقع رکھتے ہیں۔
مزید پڑھیں:ڈھاکا میں بھارتی کلچرل سینٹر بھی نذر آتش، پاکستان کے خلاف اہم مواد برآمد ہوا
سرحد پر ہلاکتوں کے معاملے پر بنگلہ دیش کے سیکریٹری خارجہ محمد جاسم الدین نے کہا کہ ان ہلاکتوں کو صفر پر لانا بنگلہ دیش کی ترجیح ہے۔
انہوں نے اس معاملے میں بھارت پر زور دیا کہ وہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے واضح اور مؤثر اقدامات کرے اور منشیات کی اسمگلنگ سمیت سرحد پار جرائم کے خاتمے کے لیے بنگلہ دیشن کے ساتھ تعاون کرے۔