ضلع کرم میں راستے تاحال بند، شہری پریشان، گرینڈ جرگہ بھی کسی نتیجے پر نہ پہنچ سکا

بدھ 11 دسمبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

خیبرپختونخوا کے ضلع کرم میں مرکزی شاہر سمیت آمدورفت کے تمام راستے تاحال بند ہیں جبکہ امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے قائم کیا گیا جرگہ تاحال کسی نتیجے پر نہیں پہنچ سکا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق، گزشتہ روز منعقد کیا گیا گرینڈ امن جرگہ کسی نتیجے پر نہیں پہنچ سکا، البتہ کوہاٹ میں آج بھی مذاکراتی عمل جاری رکھا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: کرم میں امن وامان کی بحالی کے لیے صوبائی سطح پر سپروائزری کمیٹی قائم

دوسری جانب، پشاور پاراچنار مرکزی شاہراہ سمیت آمدورفت کے تمام راستے تاحال بند ہیں جس سے کرم میں اشیائے خورونوش، پیٹرول اور ادویات کی شدید قلت ہوگئی ہے۔ علاوہ ازیں، علاج کی سہولت اور دوائیں نہ ہونے کے باعث شہری شدید پریشانی کا شکار ہیں۔

ضلعی حکام نے کہا ہے کہ کرم میں گیس ختم ہونے پر تندور اور ہوٹل بند ہونے سے شہریوں کی مشکلات مزید بڑھ گئی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ضلع کرم میں متحارب فریقین جنگ بندی آمادہ، پائیدار امن کی کوششوں پراتفاق

کرم سے رکن قومی اسمبلی انجینئر حمید حسین نے کہا ہے کہ پائیدار امن کے قیام کا واحد حل مرکزی شاہراہ کو محفوظ بنانا ہے۔ ڈپٹی کمشنر کرم جاوید اللہ محسود نے کہا کہ حالات معمول پر لانے اور متاثرین کی امداد کے لیے اقدامات جاری ہیں۔

یاد رہے کہ خیبرپختونخوا حکومت نے پیر کو ضلع کرم میں امن و امان کی بحالی کے لیے سپروائزری کمیٹی قائم کرنے کا اعلان بھی کیا تھا۔ کمیٹی کی سربراہی مشیر اطلاعات پی بیرسٹر سیف کریں گے، جبکہ صوبائی وزیر آفتاب عالم بھی کمیٹی کے ارکان میں شامل ہوں گے۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ 21نومبر کو ضلع کرم میں پارا چنار سے پشاور جانے والی گاڑیوں کے قافلے پر اوچت کے مقام پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 40 سے زائد افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔ جس کے بعد سے ضلع میں خونی تصادم کا آغاز ہوگیا تھا جس میں فریقین کے درجنوں افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp