یونیورسل ہیلتھ کوریج ڈے 2024 کے موقع پر وزیراعظم پاکستان شہبازشریف نے کہا ہے کہ عالمی یونیورسل ہیلتھ کوریج ڈے پر پاکستان یونیورسل ہیلتھ کوریج (UHC) کے لیے عالمی اقدامات کو سراہتا اور ان کا بھرپور ساتھ دینے کے حوالے سے اپنے عزم کا اعادہ کرتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:ڈاکٹرصحت سے متعلق الیکٹرانک مصنوعات سے خائف کیوں؟
وزیراعظم نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ رواں برس کی تھیم، ’صحت: حکومت کی ذمہ داری ہے‘، حکومت کے اس بات کو یقینی بنانے میں کلیدی کردار کی نشاندہی کرتا ہے کہ کسی فرد کو اپنی صحت کی دیکھ بھال اور بنیادی ضروریات جیسے کہ خوراک، رہائش یا تعلیم میں سے کسی ایک کا انتخاب نہ کرنا پڑے۔
انہوں نے پیغام میں کہا ہے کہ بطور حکومت ہم کسی شہری کی سماجی و اقتصادی حیثیت سے قطع نظر، سب کے لیے صحت کی دیکھ بھال کو قابل رسائی بنانے کو اخلاقی طور پر اپنا فرض سمجھتے ہیں۔
صحت پر کسی بھی قسم کا سمجھوتہ ہماری قومی سلامتی، خوشحالی اور ترقی پر سمجھوتہ ہوگا، یہ ایک ایسا شعبہ ہے جس میں کوئی انحراف مول نہیں لیا جا سکتا۔
وزیراعظم کے مطابق اس ہدف کے حصول کے لیے ہماری حکومت نے صحت سہولت پروگرام جیسے اقدامات متعارف کرائے ہیں، جس کی سربراہی وزارت قومی صحت ’صحت سب کے لیے‘ کے عنوان سے کر رہی ہے۔ یہ پروگرام، جس کو بین الاقوامی سطح پر WHO جیسی تنظیموں کی جانب سے پزیرائی مل رہی ہے، معاشرے کے سب سے زیادہ کمزور طبقات کو ترجیح دیتے ہوئے لاکھوں خاندانوں کو مفت صحت کی سہولیات فراہم کرتا ہے۔
وزیراعظم نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ہم صحت کی دیکھ بھال کے بنیادی ڈھانچے میں سرمایہ کاری کر رہے ہیں، دیہی اور دور دراز علاقوں میں خصوصی طور پر انتہائی ضروری و زندگی بچانے والی ادویات تک رسائی کو یقینی بنایا رہے ہیں۔
پاکستان 2030 تک پائیدار ترقی کے اہداف (SDGs) میں وضع کردہ صحت سے متعلق اہداف کے حصول کے لیے پر عزم ہے۔
ہم اقوام متحدہ اور دیگر عالمی اداروں کے ساتھ ایسے فریم ورک تیار کرنے اور مضبوط کرنے کے لیے تعاون جاری رکھیں گے، جو صحت کو بطور بنیادی انسانی حق ترجیح دیتے ہیں۔