جنوبی افریقہ نے پاکستان کو دوسرے ٹی20 میچ میں ریزا رافیل ہینڈرکس کی شاندار سینچری اور رسی وین ڈیر ڈوسن کی انتہائی جارحانہ اننگز کی بدولت 7 وکٹوں سے شکست دے کر 3 ٹی20 میچوں کی سیریز0-2 سے جیت لی ہے۔
پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان 3 ٹی20 میچوں کی سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے صائم ایوب کے شاندار ناقابل شکست 98 رنز کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر جیت کے لیے 207 رنز کا ہدف دیا، جسے جنوبی افریقہ نے 19.3 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا۔
پاکستان کے 206 رنز کے تعاقب میں جنوبی افریقہ نے اننگز کا آغاز کیا تو اسے ابتدا میں ہی 6 رنز کے مجموعی اسکور پر پہلی وکٹ کا نقصان اٹھانا پڑا جب ریان رکیلٹن جہانداد خان کی گیند پر محمد رضوان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے، دوسری وکٹ 28 کے مجموعی اسکور پر گری جب میتھیو بریٹزکے بھی 12 رنز کے انفرادی اسکور پر جہانداد خان کی گیند پر شاہین شاہ آفریدی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔
جنوبی افریقہ کی اننگز کی خاص بات ریزا رافیل ہینڈرکس اور رسی وین ڈیر ڈوسن کی دھواں دار بیٹنگ تھی۔ ریزا رافیل ہینڈرکس نے 63 گیندوں پر 10چھکوں اور 7 چوکوں کی مدد سے 117 رنز اسکور کیے۔ وہ عباس آفریدی کی گیند پرعرفان خان کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہوئے۔
رسی وین ڈیر ڈوسن نے انتہائی جارحانہ کھیلتے ہوئے 5 چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے 38گیندوں پر نا قابل شکست 66 رنز کی اننگز کھیل اپنی ٹیم کو فتح دلا دی۔ ہینرک کلاسن نے 8 رنز بنائے اور آوٹ نہیں ہوئے۔
پاکستان کی طرف سے جہانداد خان 2 جبکہ عباس آفریدی نے ایک کھلاڑی کو آوٹ کیا۔
اس سے قبل جنوبی افریقہ کے سنچورین کرکٹ گراؤنڈ میں پاکستان ٹیم کے وائٹ بال کپتان محمد رضوان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا، انہوں نے کہا کہ کہ سنچورین کرکٹ گراؤنڈ کی پیچ بیٹنگ کے لیے ساز گار ہے، کوشش کریں گے کہ جنوبی افریقہ کو ایک بڑا ٹوٹل دینے میں کامیاب ہو جائیں۔
پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان 3 ٹی20 میچوں کی سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستان ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے صائم ایوب کے شاندار ناقابل شکست 98 رنز کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر جیت کے لیے 207 رنز کا ایک بڑا ہدف دینے میں کامیاب ہوا لیکن بولرز اس بڑے ٹوٹل کا دفاع کرنے میں ناکام رہے۔
جمعہ کو جنوبی افریقہ کے سنچورین کرکٹ گراؤنڈ میں پاکستان ٹیم کے کپتان محمد رضوان نے پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا جو درست ثابت ہوا، پاکستان ابتدائی طور پر مشکلات سے دوچار ہوا جب پہلی وکٹ 16 کے مجموعی اسکور پر ہی گر گئی، کپتان اور اوپنر بلے باز محمد رضوان 11 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
رضوان کے آؤٹ ہونے کے بعد بابراعظم اور صائم ایوب نے جارحانہ اننگز کھیلتے ہوئے ٹیم کے مجموعی اسکور کو 103 تک پہنچا دیا، پاکستان کے دوسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی بابراعظم تھے جنہوں نے ایک چھکے اور 3 چوکوں کی مدد سے 20 گیندوں پر 31 رنز اسکور کیے۔
پاکستان کی تیسری وکٹ 114 کے مجموعی اسکور پر گری جب عثمان خان 3 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے، چوتھی وکٹ بھی اس کے فوری بعد 122 کے مجموعی اسکور پرگرگئی جب طیب طاہر 6 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، پانچویں وکٹ 195 رنز پر گری جب عرفان خان 2 چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے 16 گیندوں پر 30 رنز اسکور کر کے آؤٹ ہو گئے۔
پاکستان کی اننگز کی خاص بات اوپنر بیٹر صائم ایوب کی نا قابل شکست شاندار اننگز تھی، جنہوں نے ٹی20 میچ کی پہلی سینچری سے صرف 2 رنز کی دوری پر98 رنز اسکور کیے اور آؤٹ نہیں ہوئے، ان کی 57 گیندوں پر 98 رنز کی شاندار اننگز میں 5 چھکے اور 11 چوکے شامل ہیں۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے دیان گیلیم اور اوٹنیل بارٹمین نے 2 ، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ جارج لنڈے نے ایک وکٹ حاصل کی۔
پہلے ٹی20 میچ کے حوالے سے محمد رضوان نے کہا کہ ہم نے پاور پلے میں بہت اچھا کھیلا لیکن ہم نے کچھ غلطیاں کیں، کوشش کریں گے کو سنچورین کرکٹ گراؤنڈ میں وہ غلطیاں نہ دہرائیں۔ ہم یہاں جنوبی افریقہ میں لطف اندوز ہو رہے ہیں اور جنوبی افریقہ کی ٹیم کا چیلنج قبول کرنے کے لیے تیار ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:دوسرا ٹی20: جنوبی افریقہ کے خلاف پاکستان پلیئنگ الیون کا اعلان، ٹیم میں ایک تبدیلی
پاکستان نے جنوبی افریقہ کے خلاف ٹی20 سیریز کے دوسرے میچ میں اپنی ٹیم میں ایک تبدیلی کی، اسپن بولرسفیان مقیم کی جگہ آل راؤنڈر جہانداد خان کو شامل کیا گیا تھا۔
جمعہ کو جنوبی افریقہ کے خلاف پاکستان پلیئنگ الیون کا اعلان کرتے ہوئے ٹیم مینجمنٹ نے بائیں ہاتھ کے بولنگ آل راؤنڈر جہانداد خان کو اسپن بولرسفیان مقیم کی جگہ ٹیم میں شامل کیا۔
زمبابوے ٹی 20 سیریز میں شاندار باؤلنگ کرنے والے سفیان مقیم پروٹیز کے خلاف پہلے ٹی 20 میچ میں پاکستان کے لیے کافی بھاری ثابت ہوئے، صرف جنوبی افریقہ کے ڈیوڈ ملر نے نوجوان اسپنر کے 4 اوورز میں 53 رنز بنائے۔
دوسرے ٹی20 میں شامل ہونے والے جہانداد خان نے گزشتہ ماہ ہوبارٹ میں آسٹریلیا کے خلاف ٹی 20 انٹرنیشنل میں ڈیبیو کیا تھا۔ انہوں نے اپنے ڈیبیو میچ میں 3 اوورز میں 17 رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی تھی۔ اب تک بائیں ہاتھ سے بولنگ کرنے والے جہانداد خان نے 4 میچوں میں 4 وکٹیں حاصل کی ہیں۔
پاکستان پلیئنگ الیون
پاکستان کی ٹیم میں محمد رضوان (کپتان اور وکٹ کیپر)، بابر اعظم، صائم ایوب، عثمان خان، طیب طاہر، محمد عرفان خان، محمد عباس آفریدی، شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف، جہانداد خان اور ابرار احمد شامل تھے۔
جنوبی افریقہ پلیئنگ الیون
جنوبی افریقہ پلیئنگ الیون میں ریان رکیلٹن، ریزا رافیل ہینڈرکس، میتھیو بریٹزکے، رسی وین ڈیر ڈوسن، ہینرک کلاسن (سی اینڈ ڈبلیو کے)، ڈونووین فرییا، جارج لنڈے، دیان گیلیم، نقبا پیٹر، کوینا مافاکا، اوٹنیل بارٹمین شامل تھے۔