ثانیہ مرزا کا پاکستانی ٹینس اسٹار اعصام الحق کے لیے خصوصی پیغام، ویڈیو میں کیا کہا؟

ہفتہ 14 دسمبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا نے خواجہ افتخار میموریل نیشنل ٹینس چیمپیئن شپ کے انعقاد پر پاکستان ٹینس فیڈریشن کے صدر اعصام الحق قریشی اور چیمپیئن شپ میں شرکت کرنے والے کھلاڑیوں کے لیے نیک خواہشات اور مبارکباد دی ہے۔

اپنے ویڈیو پیغام میں بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا نے کہا کہ پاکستان میں ٹینس کے بڑے ایونٹ پر خاص طو پر پاکستان ٹینس فیڈریشن کے صدر اعصام الحق قریشی اور تمام کھلاڑیوں کو بہت بہت مبارک ہو، خطے میں ٹینس کے فروغ کے لیے ایسے ٹورنامنٹ ضروری ہیں۔

مزید پڑھیں: ’آپ میرے مسکرانے کی وجہ ہو‘، ثانیہ مرزا کا پیغام کس کے نام؟

واضح رہے کہ خواجہ افتخار میموریل نیشنل رینکنگ ٹینس چمپئن شپ 2024 کا آغاز آج سے اسپورٹس بورڈ پنجاب ٹینس اکیڈمی نشتر پارک لاہور میں ہوگا۔ چیمپیئن شپ میں پاکستان کے ٹینس آئیکون اور ستارہ امتیاز حاصل کرنے والے اعصام الحق قریشی کے علاوہ عقیل خان، اشنا سہیل اور ابھرتے ہوئے کھلاڑی مزمل مرتضیٰ، محمد شعیب، عابد مشتاق، مہک کھوکھر، شیزہ ساجد اور دیگر شامل ہیں۔

قابل ذکر انعامی رقم کے ساتھ یہ ٹورنامنٹ سنسنی خیز مقابلوں کے لیے ملک بھر میں ٹینس کے شوقین افراد کو اپنی طرف متوجہ کرے گا۔ پاکستان ٹینس فیڈریشن کے صدر اعصام الحق قریشی نے کہا کہ میرے پیارے دادا، خواجہ افتخار احمد کے نام پر ٹورنامنٹ میں شرکت کرنا اعزاز کی بات ہے، ان کی پاکستان میں ٹینس کے لیے بے مثال خدمات ہیں۔

مزید پڑھیں: ثانیہ مرزا کے شب و روز آج کل کیسے گزر رہے ہیں؟ نئی تصاویر جاری

ان کا کہنا تھا کہ یہ ٹورنامنٹ صرف خراج عقیدت نہیں بلکہ ان کی وراثت کا جشن ہے۔ میں اس ایونٹ کا حصہ بننے پر بہت خوش ہوں اور اسے زبردست کامیابی دلانے کے لیے اپنی پوری کوشش کروں گا۔ پی ٹی ایف کے صدر کی حیثیت سے میرا مقصد اسے سالانہ ایونٹ بنانا اور قومی کیلنڈر میں اس طرح کے مزید ٹورنامنٹس متعارف کرانا ہے تاکہ پاکستان میں ٹینس کی مسلسل سرگرمی اور ترقی کو یقینی بنایا جاسکے۔

اعصام الحق کا کہنا تھا کہ مجھے امید ہے کہ یہ کوششیں ہمارے کھلاڑیوں کو زیادہ سے زیادہ بین الاقوامی شہرت حاصل کرنے اور پاکستان ٹینس کو نئی بلندیوں پر لے جانے کی ترغیب دیں گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp