وادی کوئٹہ سمیت بلوچستان کے شمالی اضلاع ان دنوں یخ بستہ سائبیرین ہواؤں کی لپیٹ میں ہیں جس کی وجہ سے درجہ حرارت نقطہ انجماد سے کئی ڈگری نیچے گر چکا ہے۔ ایسے میں بڑھتی سردی کے ساتھ ساتھ کوئٹہ میں کمبلوں کی مانگ میں بھی ہر گزرتے دن کے ساتھ اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔
ان دنوں کوئٹہ کی کمبل مارکیٹ میں مختلف اقسام اور پرنٹ کے کمبل کم داموں بآسانی دستیاب ہیں جن کی خریداری نہ صرف بلوچستان کے باسی کر رہے ہیں بلکہ خریداروں میں سندھ اور پنجاب سے آنے والے افراد کی بھی ایک بڑی تعداد شامل ہے۔
سندھ سے آئے ایک شہری نے وی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ کوئٹہ میں ملنے والے کمبل کی کوالٹی بہترین جبکہ قیمت کم ہوتی ہے جس کی وجہ سے ہر سال یہاں سے وہ اپنے اور اپنے اہلخانہ سمیت دوستوں اور احباب کے لیے کمبل خرید کر لے جاتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: بلوچستان میں خشک سردی، کوئٹہ کا درجہ حرارت منفی 6 تک گر گیا
ان کا کہنا تھا کہ یہاں ملنے والے کمبل وزن میں ہلکے اور انتہائی گرم ہوتے ہیں اور ایسی کوالٹی پاکستان میں کہیں اور دستیاب نہیں اسی وجہ سے مختلف علاقوں سے لوگ سردیوں میں بالخصوص کمبل کی خریداری کے لیے کوئٹہ آتے ہیں اور بڑے پیمانے پر کمبل خریدتے ہیں۔
دوسری جانب کمبلوں کے کاروبار سے منسلک ایک فرد نے وی نیوز سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ کوئٹہ میں ملنے والے کمبل زیادہ تر چین اور ایران سے منگوائے جاتے ہیں ان میں سنگل بیڈ، سنگل پلائی، ڈبل بیڈ، ڈبل پلائی اور وولن کے کمبل شامل ہیں جو خریداروں کی اولین پسند ہوتے ہیں۔
مزید پڑھیے: کیا ایرانی تیل پر پابندی عوام کو متاثر کرے گی؟
انہوں نے بتایا کہ ان دنوں چین سے آنے والے کمبلوں کی مانگ ہر گزرتے دن کے ساتھ بڑھتی جا رہی ہے کیونکہ یہ کوالٹی میں بہت اچھے ہوتے ہیں اور اس کے علاوہ اچھے کمبل 1500 روپے سے 8 ہزار روپے کے درمیان مل جاتے ہیں جبکہ یہی کمبل جب پنجاب یا سندھ بھیجے جاتے ہیں تو ان کی قیمت 5 سے 15 ہزار روپے کے درمیان تک پہنچ جاتی ہے اسی لیے لوگ یہاں سے کمبل خریدنے میں زیادہ دلچسپی رکھتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اب کمبل آن لائن بھی فروخت کیے جاتے ہیں۔