صدر آصف علی زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف نے پاکستان سے دہشتگردی کے ناسورکے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھنے کے پختہ عزم کا اظہار کیا ہے۔
آرمی پبلک سکول پشاور کے سانحے کی 10 ویں برسی کے موقع پر اپنے پیغامات میں صدر مملکت نے کہا کہ 16 دسمبر کا دن قوم کی اجتماعی یادداشت پرانمٹ نقوش چھوڑ گیا، جب دہشتگردوں نے ہمارے بچوں کو بے دردی سے قتل کیا۔
یہ بھی پڑھیں: سانحہ آرمی پبلک اسکول: بڑھاپے کے سہاروں کو کندھا دینے والے بدقسمت والدین ہر ماہ اکٹھے کیوں ہوتے ہیں؟
آصف علی زرداری نے معصوم بچوں کے ورثا سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ دن دہشتگردی کے خلاف جنگ میں قوم کی قربانیوں کی یاد دلاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ اے پی ایس جیسے واقعات سے دہشت گردوں اور خوارج کا اصل چہرہ بے نقاب ہوتا ہے اور پاکستانی قوم دہشتگردوں کو ان کے مذموم عزائم میں کامیاب نہیں ہونے دے گی۔
اپنے پیغام میں وزیراعظم نے ایک پرامن اور محفوظ پاکستان بنانے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا جہاں کسی بے گناہ کو بربریت کا سامنا نہ کرنا پڑے اور تمام مجرموں کو ان کے جرائم کی مثالی سزا دی جائے۔
یہ بھی پڑھیں: اے پی ایس سانحہ: شہید بچوں کے والدین کی عید کیسی ہوتی ہے؟
انہوں نے کہا کہ پوری قوم بزدل دہشتگردوں کے خلاف فولاد کی دیوار بن کر کھڑی ہے اور کھڑی رہے گی۔ انہوں نے قوم کو یاد دلایا کہ خوارج اور ریاست مخالف عناصر کے فتنے کا مذہب یا معاشرتی اقدار سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
مریم نواز کا خراج عقیدت
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا سانحہ آرمی پبلک سکول کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ سانحہ آرمی پبلک اسکول پشاور کو 10 سال گزر چکے لیکن دکھ آج بھی زندہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ 16 دسمبر 2014 کی سیاہ صبح ہر پاکستانی کے دل پر نقش ہے۔دہشت گردوں نے 147 معصوم بچوں اور ان کے اساتذہ کو سفاکیت کا نشانہ بنایا۔
مریم نواز نے کہا کہ اے پی ایس شہداء ہماری قوم کے ہیرو ہیں۔