وزارت خارجہ میں بڑے پیمانے پر اکھاڑ پچھاڑ، مختلف ممالک میں سفیر تبدیل

منگل 17 دسمبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستانی وزرات خارجہ میں بڑے پیمانے پر اکھاڑ پچھاڑ کی اطلاعات ہیں، جب کہ  مزید تبدیلیوں کی بھی توقع ہے۔

پاکستانی وزرات خارجہ میں رونما بڑی تبدیلیاں کے نتیجے میں قطر کے لیے نئے پاکستانی سفیر جنرل محمد عامر (ر) دوحہ پہنچ گئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:ہیتھرو ایئرپورٹ پر یورینیئم ، پاکستانی وزراتِ خارجہ کا مؤقف سامنے آگیا

سفارتی ذرائع کے مطابق قطر سے واپس لوٹنے والے ڈاکٹر محمد اعجاز بیلا روس میں بطور سفیر جانے کی تیاری میں مصروف ہیں۔

اس کے علاوہ  محمد سلیم خان 29 دسمبر کو بطور ہائی  کمشنر کینیڈا پہنچیں گے، واضح رہے کہ ظہیر اسلم جنجوعہ کی ریٹائرمنٹ پر فی الوقت کینیڈا میں پاکستانی ہائی کمشنر نہیں ہے۔

سفارتی ذرائع کے مطابق موجودہ ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زیرا بلوچ جلد ہی فرانس میں بطور سفیر ذمہ داریاں سنبھالیں گی، جب کہ فرانس میں پاکستانی سفیر عاصم افتخار گزشتہ روز نیویارک پہنچ  چکے ہیں۔

سفارتی ذرائع کے مطابق نبیل منیر جنوبی کوریا میں اپنی مدت پوری کر کے وطن واپس آ رہے ہیں، ابھی تک سیؤل کے لیے نئے سفیر کی نامزدگی نہیں ہوئی۔

سفارتی ذرائع کے مطابق حکومت کو اہم دارلحکومتوں میں سفیروں کی نامزدگی کرنا ہے، نیدرلینڈ میں سفیر سلجوق مستنصر تارڑ کی جگہ نیا سفیر لگانا ہے

واضح رہے کہ سلجوق مستنصر تارڑ کی جکارتہ میں بطور نیا سفیر نامزدگی ہوئی تھی، سلجوق تارڑ کی عدم دستیابی پر انڈونیشیا میں نیا سفیر نامزد کرنا ہونا باقی ہے۔

سفارتی ذرائع کے مطابق حکومت نے ابھی جنوبی افریقہ میں نیا ہائی کمشنر بھی تعینات کرنا ہے۔ اطلاع ہے کہ سینیئر سفارت کار فاروق ملک کویت کے بعد جنوبی افریقہ جانے میں دلچسپی نہیں رکھتے۔

سفارتی ذرائع کے مطابق سمیع الرحمن کو مراکش سے پولینڈ بھجنے کی تجویز زیر غور ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp