وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے کہا ہے کہ اسٹیٹ بینک نے شرح سود میں 2 فیصد کمی کردی ہے، جو تاجروں، سرمایہ کاروں اور صنعتکاروں کے لیے خوش آئند ہے، اب ملک میں سرمایہ کاری بڑھے گی۔
یہ بھی پڑھیں کیا شرح سود میں کمی کے بعد اب ریئل اسٹیٹ مارکیٹ بہتر ہو جائے گی؟
وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ حکومت کی کوششوں سے مہنگائی کی شرح میں بھی کمی آئی ہے، ملک میں سرمایہ کاری کو فروغ دیں گے تو بیرونی سرمایہ کاری بھی آئے گی۔
انہوں نے کہاکہ یونان میں کشتی کو پیش آنے والے حادثے میں 5 پاکستانی جاں بحق ہوئے جو افسوسناک ہے، اس سے قبل 2023 میں بھی ایسا واقعہ پیش آیا تھا، جس کے بعد ہم نے سخت فیصلے لیے تھے، ان کی روشنی میں آگے بڑھیں گے۔
انہوں نے کہاکہ انسانی اسمگلنگ ایک سنجیدہ چیلنج ہے، اس پر اجلاس بلا رہا ہوں، 2023 کے واقعے کی روشنی میں مزید فیصلے کریں گے اور سختی سے عمل پیرا ہوں گے۔
وزیراعظم نے کہاکہ پوری دنیا سے پولیو کا خاتمہ ہوچکا ہے، لیکن پاکستان میں کیسز بڑھ رہے ہیں، جو افسوسناک ہے، پاکستان میں پولیو کے خاتمے کی کوششوں میں رکاوٹیں ڈالی جاتی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں یونان کشتی حادثہ: متاثرہ 47 پاکستانی ریسکیو، خصوصی سیل قائم
شہباز شریف نے کہاکہ صدیق الفاروق نواز شریف کے قریبی ساتھی تھے، ان کے انتقال پر دکھ ہوا، کابینہ اجلاس میں مرحوم کے لیے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔