صوبہ پنجاب کے وزیر بلدیات ذیشان رفیق کا کہنا ہے کہ پنجاب میں بلدیاتی الیکشن جلد کروا رہے ہیں، لوکل گورنمنٹ الیکشن جماعتی بنیادوں پر ہوں گے۔ نئے بلدیاتی نظام میں امیدواروں پر تعلیم کی کوئی شرط نہیں ہوگی۔ نواز شریف کو بلدیاتی بل کے حوالے سے اعتماد میں لیا گیا ہے۔
وی نیوز کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے صوبائی وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے بتایا کہ لوکل گورنمنٹ بل جلد پنجاب اسمبلی سے پاس کروایا جائے گا۔ بلدیاتی الیکشن میں اربن علاقوں میں ٹاون کارپوریشن کا نظام لیکر آرہے ہیں، اس نئے نظام میں تحصیل لیول کا ٹیرئیر بھی ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ یونین کونسل کا نظام مضبوط کرنے جارہے ہیں۔ یونین کونسل میں چیئرمین اور وائس چیئرمین ہوں گے۔ ٹاؤن کارپوریشن میں میئر اور ڈپٹی میئرز ہوں گے۔ اس دفعہ یونین کونسل امیدواروں کی تعداد 9 کی گئی ہے جبکہ خواتین، اقلیتوں کی مخصوص نشستوں میں یوتھ کی سیٹ بھی ہوگی۔ ٹاؤن کارپوریشن اور تحصیل کے ٹرئیرز میں معذور افراد کے لیے بھی مخصوص نشست رکھی گئی ہے۔
ذیشان رفیق نے بتایا کہ مشرف دور کے بلدیاتی نظام میں اربن اور رورل کو ایک بنا دیا گیا تھا، جبکہ بلدیاتی نظام میں ہمیشہ رورل اور اربن ایریاز کی واضح تقسیم ہو تو وہ نظام کامیاب ہوتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یونین کونسل میں پی ایف سی شئیر بھی ہوگا، تحصیل کا اربن ایریا آبادی کے لحاظ سے میونسپل کمیٹی بھی بن سکتی ہے۔ رورل ایریا میں تحصیل کونسل اور یونین کونسلز ہوں گی۔
25 ہزار سے زائد آبادی والا علاقہ اربن ائریا میں شامل ہوگا
صوبائی وزیر بلدیات نے بتایا کہ بلدیاتی الیکشن کی تاریخ الیکشن کمیشن نے دینی ہے۔ امید ہے کہ جلد الیکشن ہو جائیں گے۔ نئے بلدیاتی نظام میں الیکشن جماعتی بنیادوں پر ہوگا۔ نواز شریف کو بلدیاتی بل کے حوالے سے اعتماد میں لیا گیا ہے۔ نواز شریف جب جب اقتدار میں آئے ہیں، انہوں بلدیاتی الیکشن کروائے ہیں۔
صاف ستھرا پنجاب نظام سے لاکھوں افراد کو نوکریاں ملیں گی
ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے صوبائی وزیر ذیشان رفیق کا کہنا تھا کہ صاف ستھرا پنجاب مہم کامیابی سے جاری ہے۔ پنجاب کے ہر شہر میں صاف ستھرا پنجاب کے حوالے سے نظام بنایا گیا ہے۔ پہلے سالڈ ویسٹ منجمنٹ صرف ڈویژن کے شہروں میں تھا، اب پنجاب کے ہر شہر، ہر گاؤں میں یہ نظام پہنچ چکا ہے۔ اس نظام کو جدید کیا جارہا ہے۔ ایک مانیٹرنگ سیل بنایا جائے گا جہاں کواڑ کرکٹ پڑا ہوگا۔ اس کی نشاندہی کی جائے گی۔ اس صاف ستھرا کے حوالے سے ایک ایپ بھی بنائی جارہی ہے جو ہر شہری استعمال کرے گا۔