وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ جمہوری نظام کا مقصد عوامی نمائندوں کے ذریعے عوامی فلاح و بہبود کو یقینی بنانا ہے۔
اسلام آباد میں اسپیکرز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ 1973 میں آئین متفقہ طور پر منظور کیا گیا، آئین ایک مقدس دستاویز ہے، ہمیں کئی بار مارشل لا کا سامنا کرنا پڑا، مارشل لا کے دوران آئینی تبدیلیوں کو وقت کے ساتھ ختم ہونا چاہیے تھا۔
یہ بھی پڑھیں: وزیرقانون اعظم نذیر تارڑ نے اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کو خراج تحسین کیوں پیش کیا؟
انہوں نے کہا کہ جمہوریت کا تسلسل ملکی ترقی کا ضامن ہے، آئین میں وقت کے ساتھ ساتھ ترامیم ہوتی رہی ہیں، 17ہویں ترمیم بہت اہمیت کی حامل تھی، میثاق جمہوریت نے ملکی سیاست میں بہت اہم کردار ادا کیا، 18ہویں ترمیم کے ذریعے وفاق نے اپنے اختیارات صوبوں کو منتقل کیے۔
اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ مرکز نے صوبوں کو اختیارات کی منتقلی میں بڑے پن کا مظاہرہ کیا، جمہوری نظام کا مقصد ہے کہ ہم جن کی نمائندگی کرتے ہیں ان کا بھلا ہو۔
یہ بھی پڑھیں: وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کا انسانی حقوق سے متعلق نیشنل پروگرام شروع کرنے کا اعلان
واضح رہے کہ اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کے زیر صدارت 18ویں اسپیکرز کانفرنس کا باقاعدہ آغاز ہوگیا ہے جو 20 دسمبر تک جاری رہے گی۔
کامنفرنس میں چاروں صوبوں اور آزادوجموں کشمیر و گلگت بلتستان قانون ساز اسمبلیوں کے اسپیکرز شرکت کررہے ہیں، 10 سال بعد کانفرنس کے انعقاد کو یقینی بنانے پر صوبائی اسمبلیوں کے اسپیکرز نے اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔