پاکستان نے جنوبی افریقہ کو دوسرے ون ڈے میں 81 رنز سے شکست دے کر سیریز جیت لی

جمعرات 19 دسمبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان نے کیپ ٹاؤن میں جنوبی افریقہ کو دوسرے ونڈے میں 81 رنز سے شکست دے کر3 میچوں کی سیریز0-2 سے جیت لی، جنوبی افریقہ کی پوری ٹیم پاکستان کے 329 رنز کے تعاقب میں 43.1 اوورزمیں 248 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی، نسیم شاہ نے ہینرک کلاسن کا سینچری اسکور کرنے کا خواب بھی پورا نہ ہونے دیا۔

پاکستان کے 329 رنز کے تعاقب میں جنوبی افریقہ کی ٹیم نے اننگز کا آغاز کیا تو اس کی پہلی وکٹ 34 کے مجموعی اسکور پر گری جب ٹیمبا باووما 12 رنز پرنسیم شاہ کی گیند پر حارث رؤف کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔

جنوبی افریقہ کی دوسری وکٹ 74 کے مجموعی اسکور پر گری جب ٹونی ڈی زورزی34 رنز پر ابرار احمد کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے، تیسری وکو 84 کے مجموعی اسکور پر گری جب رسی وان ڈیر ڈوسن23 رنز بنا کرآغا سلمان کی گیند پر صائم ایوب کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔

جنوبی افریقہ کی چوتھی وکٹ 113 کے مجموعی اسکور پر گری جب ایڈن مارکرم 21 رنز پر ابرار احمد کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہو گئے۔ پانچویں وکٹ  185 کے مجموعی اسکور پر گری جب ڈیوڈ ملر29 رنز بنا کر شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر محمد رضوان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔

جنوبی افریقہ کی آٹھویں وکٹ 243 کے مجموعی اسکور پر گری جب بیورن فورٹوئن نسیم شاہ کی گیند پر بابر اعظم کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے، نویں وکٹ 244 کے مجموعی اسکور پر گری جب کوینا مافاکا شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر محمد رضوان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔

جنوبی افریقہ کے ساتویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی اینڈیل پھہلوکوایو تھے، انہیں ایک رنز پر شاہین شاہ آفریدی نے ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا۔

جنوبی افریقہ کی اننگز کی خاص بات ہینرک کلاسن کی شاندار بلے بازی تھی، انہوں نے 4 چھکوں اور  8 چوکوں کی مدد سے 74 گیندوں پر 97 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، انہیں نسیم شاہ کی گیند پرعرفان خان نے کیچ پکڑ کر آؤٹ کیا۔

پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، نسیم شاہ نے 3 ابرار احمد نے 2 جبکہ سلمان آغا نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

جمعرات کو کیپ ٹاؤن کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے جانے والے میچ میں جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا تو پاکستان کو اننگز کی ابتدا میں ہی نقصان اٹھانا پڑا جب 5 کے مجموعی اسکور پر پہلی وکٹ گری جب عبداللہ شفیق صفر پر آؤٹ ہو گئے۔

پاکستان کی دوسری وکٹ 53 کے مجموعی اسکور پر گری جب صائم ایوب  25 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے، تیسری وکٹ 168 کے رنز پر گری جب بابراعظم 73 رنز پر آؤٹ ہو گئے انہوں نے 7 چوکوں کی مدد سے 95 گیندوں پر 73 رنز اسکور کیے، چوتھی وکٹ 192 کے مجموعی اسکور پر گری جب کپتان  محمد رضوان 80 رنز کی شاندار اننگز کھیلنے کے بعد آؤٹ ہو گئے، انہوں نے 3 چھکوں اور 7 چوکوں کی مدد سے 82 گیندوں پر 80 رنز اسکور کیے۔

پاکستان کی پانچویں وکٹ 242 کے رنز پر گری جب سلمان آغا ایک چھکے اور 3 چوکوں کی مدد سے 30 گیندوں پر 33 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے، پاکستان کی چھٹی وکٹ 291  کے مجموعی اسکور پر گری جب عرفان خان 15 رنز پر آؤٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے، ساتویں وکٹ 317 کے مجموعی اسکور پر گری جب شاہین شاہ آفریدی 16 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔

پاکستان کی آٹھویں وکٹ بھی 317 کے مجموعی اسکور پر گری جب چھٹی نمبر پر کھیلنے والی کامران غلام انتہائی جارحانہ اننگز کھیلنے کے بعد کیچ آؤٹ ہو گئے۔

کامران غلام کی اننگز کی خاص بات 32 گیندوں پر 63 رنز کی انتہائی جارحانہ اننگز تھی، ان کی اننگز میں 5 چھکے اور 4 چوکے شامل ہیں، پاکستان کی نویں وکٹ 323 کے مجموعی اسکور پر گری جب حارث رؤف 6 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہو گئے، دسویں وکٹ 329 کے مجموعی اسکور پر گری جب ابرار احمد 4 رنز بنانے کے بعد رن آؤٹ ہو گئے،  نسیم شاہ بغیر کوئی رنز بنائے ناٹ آؤٹ رہے۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے کوینا مافاکا نے 4 جبکہ مارکو جانسن نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، بیورن فورٹوئن اور اینڈیل پھہلوکوایو نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

اس سے قبل جنوبی افریقہ نے ایک روزہ سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ۔ جنوبی افریقہ اور پاکستان کے درمیان سیریز کا دوسرا میچ کیپ ٹاؤن میں کھیلا جارہا ہے، جمعرات کو کھیلے جانے والے میچ کے لیے قومی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی، جبکہ جنوبی افریقہ نے ٹیم میں 4 تبدیلیاں کی ہیں۔

ٹاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے جنوبی افریقہ کے کپتان ٹیمبا باووما نے کہاکہ ہم پاکستانی ٹیم کو کم اسکور تک محدود کرنے کی کوشش کریں گے۔

اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان محمد رضوان نے کہاکہ پہلے میچ میں جیت پر بے حد خوش ہے، ہم کوشش کریں گے کہ مخالف ٹیم کو اچھا ٹارگٹ دے سکیں۔

واضح رہے کہ 3 ایک روزہ میچوں کی سیریز میں پاکستان کو 0-1 کی برتری حاصل ہے۔

جنوبی افریقہ کی پلیئنگ الیون میں ٹونی ڈی زورزی، ٹیمبا باوما (کپتان)، راسی وین ڈیرڈوسن، ایڈن مارکرم، ہینرک کلاسن (ڈبلیو)، ڈیوڈ ملر، مارکوجانسن، اینڈیل پھہلوکوایو، بیورن فورٹوئن، کوینا مافاکا، تبریز شمسی شامل ہیں۔

پاکستان پلیئنگ الیون میں صائم ایوب، عبداللہ شفیق، بابراعظم، محمد رضوان (کپتان)، کامران غلام، سلمان آغا، عرفان خان، شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ، حارث رؤف، ابراراحمد شامل ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp