بھارت کے اسٹار بلے باز ویرات کوہلی نے اپنی اہلیہ انوشکا شرما اور اپنے دونوں بچوں کے ساتھ بھارت چھوڑنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق، اس بات کی تصدیق حال ہی میں ویرات کوہلی کے بچپن کے کرکٹ کوچ راج کمار شرما نے کی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ ویرات اور انوشکا اپنے بچوں وامیکا اور اکائے کے ساتھ جلد لندن منتقل ہوجائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: ویرات کوہلی نے بھارت چھوڑنے کا فیصلہ کرلیا؟
راج کمار شرما نے اس حوالے سے زیادہ تفصیلات نہیں بتائیں مگر ان کا کہنا تھا کہ ویرات کوہلی نے اپنی فیملی کے ساتھ برطانیہ منتقل ہونے کا حتمی فیصلہ کرلیا ہے اور وہ ریٹائرمنٹ کے بعد اپنی پوری زندگی وہیں بسر کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ فی الوقت کوہلی اپنی فیملی کے ساتھ زیادہ سے زیادہ وقت گزار رہے ہیں۔
خیال رہے کہ رواں برس فروری میں ویرات کوہلی اور انوشکا شرما کے ہاں دوسرے بچے کی پیدائش کے بعد سے قیاس آرائیاں کی جانے لگی تھیں کہ یہ مشہور جوڑی جلد ہی بھارت چھوڑ کر لندن منتقل ہوجائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: ویرات کوہلی کی سالگرہ، انوشکا شرما نے مداحوں کو اپنے بیٹے اکائے کی پہلی جھلک دکھا دی
ٹی20 ورلڈ کپ ختم ہونے اور وکٹری پریڈ میں شرکت کے فوراً بعد ویرات کوہلی اپنی اہلیہ اور دونوں بچوں وامیکا اور اکائے سے ملنے لندن روانہ ہوگئے تھے اور وہ اگست تک لندن میں ہی رہے تھے۔
بعدازاں، بنگلہ دیش اور نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کے لیے ویرات کوہلی اپنی فیملی کے ساتھ بھارت واپس آگئے تھے۔ انوشکا اور ان کے بچے اب تک ویرات کوہلی کے ساتھ ہیں۔ ویرات کوہلی ان دنوں اپنی ٹیم اور فیملی کے ساتھ آسٹریلیا میں موجود ہیں اور میزبان ٹیم کے ساتھ ٹیسٹ سیریز کھیلنے میں مصروف ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: انوشکا شرما اور ویرات کوہلی اپنے بچوں کی زندگی کس طرح منظم بنا رہے ہیں؟
ویرات کوہلی آسٹریلیا ٹور کے بعد چیمیئنز ٹرافی میں بھی کھیلتے نظر آئیں گے۔ راج کمار شرما کا کہنا ہے کہ چیمیئنز ٹرافی کے بعد ویرات کوہلی دوبارہ لندن جائیں گے یا نہیں، اس بارے میں انہیں معلوم نہیں لیکن ایسا ممکن ہے کہ وہ لندن چلے جائیں اور پھر آئی پی ایل 2025 سے پہلے واپس آجائیں۔