پاک فوج نے لائن آف کنٹرول کے علاقے وادی لیپہ کے عوام کا دیرینہ مطالبہ پورا کرتے ہوئے وہاں ایس کام موبائل سروس کا آغاز کردیا ہے۔
پاک فوج کے ذیلی ادارے ایس سی او کی جانب سے ٹاور کی تنصیب مکمل ہونے پر وادی لیپہ میں ایس کام موبائل سروس فراہم کردی گئی ہے۔ برگیڈیئر کمانڈر لیپہ اور ایس سی او کے سیکٹر کمانڈر نے مقامی عمائدین کے ہمراہ موبائل سروس کا افتتاح کیا۔
یہ بھی پڑھیں: ‘نان پی ٹی اے موبائل فون میں ایس کام کی سم استعمال کرنی ہے تو سال کے 5 ہزار دینے ہوں گے’
موبائل سروس فراہمی کی افتتاحی تقریب میں فوجی حکام سمیت علاقے کے عمائدین بھی شریک ہوئے۔ پیپلزپارٹی کے سابق امیدوار اسمبلی شوکت جاوید میر نے فوجی حکام کا استقبال کیا۔
جاوید میر نے موبائل سروس فراہمی پر پاک فوج کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ کشمیری عوام پاک فوج کے دست و بازو اور بلاتنخواہ سپاہی ہیں، پاک فوج کے جوان جاگتے ہیں اور ہم چین کی نیند سوتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: محبت کی خاطر لائن آف کنٹرول عبور کرنے والی 22 سالہ لڑکی آزاد کشمیر میں گرفتار
وادی لیپہ میں ایس کام موبائل سروس کے اجرا کے موقع پر علاقے کے عوام نے خوشی کا اظہار کیا اور پاک فوج زندہ باد کے فلک شگاف نعرے لگائے۔ ایس کام سروس ابتدائی طورپر بجلدار، بٹلیاں اور غائی پورہ کے علاقوں میں موبائل سروس میسر ہوگی۔
واضح رہے کہ وادی لیپہ میں تقریباً 2 دہائیوں بعد ایس کام موبائل سروس کا آغاز کیا گیا ہے، وادی لیپہ ایک دہائی سے زیادہ عرصہ تک بھارتی فائرنگ کی زد میں رہا ہے، جس کے باعث اب تک سینکڑوں لوگ جانبحق جبکہ درجنوں جسمانی طور پر معذور ہوچکے ہیں۔