قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان بابراعظم نے سابق بھارتی کپتان مہندر سنگھ دھونی سے اہم ریکارڈ چھینتے ہوئے 2 اہم ریکارڈ اپنے نام کرلیے ہیں۔
جنوبی افریقہ کے خلاف کیپ ٹاؤن میں کھیلے گئے ون ڈے انٹرنیشنل میچ میں بابراعظم نے نصف سنچری اسکور کی، مجموعی طور پر 21 اننگز کے بعد انہوں نے نصف سنچری بنائی ہے، اس میچ میں بابراعظم نے 95 گیندوں پر 73 رنز بنائے، ان کی اننگز میں 7 چوکے شامل تھے۔
یہ بھی پڑھیں: بابراعظم کون سا اہم سنگ میل عبور کرنے والے ہیں؟
اس اہم اننگز کے ساتھ ہی بابراعظم نے انڈین کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مہندر سنگھ دھونی کا ریکارڈ بھی توڑ دیا، جو انہوں نے سینا ممالک (جنوبی افریقا، انگلینڈ ، نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا) کی بڑی ٹیموں کے خلاف بنایا تھا۔
مہندر سنگھ دھونی نے ان 4 ممالک کے خلاف تمام فارمیٹ کی کرکٹ میں 38 نصف سنچریاں اسکور کی تھیں جبکہ بابراعظم نے 39 نصف سنچریوں کے ساتھ مہندر سنگھ دھونی کو پیچھے چھوڑتے ہوئے یہ ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔
اس سے قبل بابراعظم نے جنوبی افریقہ کے خلاف ہی دوسرے ٹی20 میچ میں اپنے کیریئر کے تیز ترین 11 ہزار رنز مکمل کرنے کا ریکارڈ قائم کیا تھا، اس سے قبل یہ ریکارڈ ویسٹ انڈیز کے اسٹار بیٹر کرس گیل کے پاس تھا۔
یہ بھی پڑھیں: ‘بابراعظم آرام نہیں کر رہا بلکہ جینا حرام کر رہا ہے’
یاد رہے کہ پاکستان کے سابق کپتان شعیب ملک نے ٹی20 انٹرنیشنل میں 13 ہزار 415 رنز بنا رکھے ہیں، بابراعظم ٹی 20 انٹرنیشنل میں مجموعی طور پر 11 ویں کھلاڑی ہیں جنہوں نے 11 ہزار رنز مکمل کیے ہیں، جبکہ وہ قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک کے بعد دوسرے پاکستانی بیٹر ہیں جنہوں نے یہ کارنامہ سرانجام دیا ہے۔














