حکومتِ پاکستان نے آزاد کشمیر میں خواتین کا پہلا سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارک قائم کرنے کا اعلان کیا ہے، جس پرآئندہ سال فروری میں کام شروع کر دیا جائے گا، پارک کے قیام کا مقصد خطے میں صنفی بنیاد پر ڈیجیٹل تقسیم کو ختم کرنا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:ایس سی او کے تحت کوٹلی میں سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارک کا افتتاح
ہفتہ کے روز وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی شزا فاطمہ خواجہ کی زیر صدارت پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ (پی ایس ای بی) کا اجلاس ہوا جس میں ملک کے آئی ٹی سیکٹر کی مجموعی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔
آزاد کشمیر میں سافٹ وئیر ٹیکنالوجی پارک کے قیام کا یہ اقدام حکومت کے وسیع تر منصوبے کا حصہ ہے، جس کا اعلان مئی میں کیا گیا تھا، اس منصوبے کے تحت اگلے سال تک ملک بھر میں 10 نئے سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارک قائم کیے جائیں گے، جن میں سے ایک وفاقی دارالحکومت میں قائم کیا جائے گا۔
مزید پڑھیں:پاکستان کی چینی کمپنیوں کو ملک میں ٹیکنالوجی پارکس بنانے کی دعوت
حکومت کی جانب سے قائم کیے جانے والے ان پارکس میں انکیوبیشن سینٹرز اور دیگر سہولیات شامل ہوں گی جن سے اسٹارٹ اَپس کی مدد کی جائے گی، اس سے پاکستان کے ڈیجیٹل سیکٹر کو بھی وسعت ملے گی، آئی ٹی برآمدات میں اضافہ ہو گا اور ٹیک سیکٹر میں صنفی شمولیت کو بھی فروغ دیا جائے گا۔
شزا فاطمہ خواجہ کی زیر صدارت اجلاس کے بعد جاری ہونے والے ایک سرکاری بیان میں وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ’آزاد کشمیر میں سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارک کے قیام کا اقدام خواتین کے لیے مساوی مواقع پیدا کرنے اور پاکستان کی ڈیجیٹل معیشت میں ان کی بامعنی شرکت کو یقینی بنانے کے لیے ہمارے عزم کی عکاسی کرتا ہے‘۔
بیان میں بتایا گیا ہے کہ پی ایس ای بی کے تعاون سے چلنے والے سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارکس میں 20 فیصد افرادی قوت خواتین آئی ٹی پروفیشنلز پر مشتمل ہے۔
یہ بھی پڑھیں:نیشنل ایرو اسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک کا افتتاح، ٹیکنالوجی کے نئے دور کا آغاز
اس وقت پاکستان کے 43 آئی ٹی پارکوں میں 18 ہزار سے زیادہ ایکسپورٹ پروفیشنلز کام کر رہے ہیں۔ 2020 کے بعد سے پی ایس ای بی کے اقدامات کے نتیجے میں ٹارگٹڈ ٹریننگ، سرٹیفکیٹس اور انٹرن شپ پروگراموں کے ذریعے 10،000 سے زیادہ ملازمتیں پیدا ہوئی ہیں۔
بیان کے مطابق ادارے کا مقصد 250 ای ایمپلائمنٹ سینٹرقائم کرکے 2027 تک 25 ہزار فری لانسرز کو بااختیار بنانا اور بیرون ملک کے آئی ٹی سیکٹر میں پاکستان کے مؤثر کردار کو وسعت دینا ہے۔